اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جھنگ پولیس کی جانب سے کالعدم سپاہ صحابہ کے سربراہ احمد لدھیانوی، بانی رہنما مولانا حق نواز جھنگوی کے بیٹے مسرور جھنگوی اور ایم پی اے معاویہ اعظم طارق کو امن ایوارڈ دینے پر امن دوست حلقوں کی جانب سے جھنگ پولیس کے اس اقدام پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جھنگ انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران قیامِ امن کیلئے کردار ادا کرنیوالے علماء کو ایوارڈز سے نوازا گیا جس میں کالعدم سپاہ صحابہ کے سربراہ احمد لدھیانوی کو بھی ڈی پی او جھنگ سرفراز ورک نے اور ایم پی اے معاویہ اعظم طارق اور مسرور جھنگوی کو ڈی سی جھنگ نے ’’امن ایوارڈ‘‘ سے نوازا، جس پر عوام کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام پر تنقید کی جا رہی ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جھنگ جیسے پُرامن شہر کو فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنے والوں کو ’’امن ایوارڈ‘‘ دینا خود ایوارڈ کی بھی توہین ہے۔ دوسری جانب جھنگ کی ضلعی انتظامیہ نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ احمد لدھیانوی ایک ممنوعہ فرقہ وارانہ انتہا پسند گروہ کالعدم اہلسنت والجماعت کے سربراہ ہیں، جو پہلے سپاہ صحابہ کے نام سے مشہور تھی۔ احمد لدھیانوی کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصل کمالیہ سے ہے اور اس وقت بھی کالعدم سپاہ صحابہ کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ عوام کی جانب سے شدت پسند اور کالعدم جماعت کے رہنماوں کو ایوارڈ دینے پر جھنگ کی ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242