اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے علاقے بھاول نگر اور نائیجیریا کے علاقے سوکوتو میں یوم عاشور کو عزاداروں پر کئے گئے دھشتگردانہ حملے کے خلاف عاشورہ بین الاقوامی فاؤنڈیشن نے مذمتی بیان دیا ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ پاکستان اور نائیجیریا کے عہدیداروں سے عاشورہ بین الاقوامی فاؤنڈیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اس جرم کے مجرمین کو گرفتار کر کے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ نیز ان دو ملکوں سے اپیل کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، اور ایام عزا میں ماتمی دستوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی سکیورٹی بڑھا کر دھشتگردانہ واقعات سے روکا جائے۔
اس بیان کا مکمل متن درج ذیل ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے "بھاول نگر" میں اور نائیجیریا کے شہر "سوکوتو" میں یوم عاشور کو امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں اور سوگواروں پر فوجی حملہ یا دھشتگردانہ حملہ ایک وحشیانہ حرکت اور بربریت ہے جس نے عالم اسلام کو رنجیدہ خاطر کیا ہے۔
یہ دل دہلا دینے والے دو سانحات ایسے وقت میں رونما ہوئے جب امام حسین علیہ السلام اور ان کے خاندان و اصحاب کی شہادت کی یاد منائی جا رہی تھی، ایسے وقت میں وقت کے یزیدیوں نےاپنے تکفیری اور فرقہ وارانہ نظریات کے تسلسل کو ظاہر کرتے ہوئے وہابیت اور تکفیریت سے اپنے لگاؤ کو ثابت کیا۔ دشمنان اسلام اور ان کے خونخوار مزدور عناصر ہمیشہ مسلمانوں میں امن اور وحدت کی فضا کو تباہ کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور اس بار انہوں نے پاکستان اور نائیجیریا میں حسینی عزاداروں کو نشانہ بنایا۔
عاشورہ بین الاقوامی فاؤنڈیشن ان دو سانحات کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھاول نگر اور سوکوتو کے شہداء کے اہل خانہ کو تسلیت پیش کرتے ہوئے زخمی افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہے اور پاکستان اور نائیجریا کے عہدیداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ان واقعات کے مجرمین کو جلد از جلد گرفتار کر کے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ نیز ان دونوں ممالک سے یہ بھی اپیل کی جاتی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں اور ایام عزا میں ماتمی دستوں کی مکمل حفاظت کی ذمہ داری اٹھائی جائے اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے کسی بھی دہشت گردانہ کاروائی سے روکا جائے۔
یہ فاؤنڈیشن بین الاقوامی برادری اور دنیا کی انسانی حقوق کی تنظمیوں سے بھی پرزور اپیل کرتی ہے کہ پاکستان اور نائیجیریا میں مذہب اہل بیت(ع) کے پیروکاروں کے خلاف ہونے والے دھشتگردانہ حملوں کے مقابلے میں خاموشی اختیار نہ کریں اور اس جرم کی مذمت کریں اور مجرمین، دھشتگرد ٹولیوں کے منتظمین، حامی اور مالی سپانسرز نیز نائیجیریا کے اسلام مخالف فوج کے خلاف ضروری احتیاطی اور قانونی اقدامات کریں۔
عاشورہ بین الاقوامی فاؤنڈیشن ایک بار پھر پاکستان اور نائیجیریا میں مذہب اہل بیت(ع) کے پیروکاروں کی مظلومانہ شہادت پر تسلیت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کے لیے شفا یابی کی آرزو کرتی ہے اور خداوند متعال سے دعا کرتی ہے کہ امام حسین علیہ السلام کا پرچم عدالت پوری دنیا میں بلند رہے اور مجرمین دنیا و آخرت میں رسوا اور ذلیل ہوں۔
وسیعلم الذین ظلموا ای منقلب ینقلبون
عاشورہ بین الاقوامی فاؤنڈیشن
11 محرم 1443
.........
242