اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 33ویں برسی کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یکم اگست کو لیاقت باغ راولپنڈی میں قائد شہید کی برسی ایک تاریخی اجتماع ثابت ہوگی۔ کراچی، کوئٹہ، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان راولپنڈی اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما و چئیرمین کانفرنس نثار علی فیضی نے کہا ہے کہ ملت تشیع اپنے شہداءاور محسنوں کو یاد رکھنے والی قوم ہے۔شہید قائد نے شاندار انداز سے اپنی قوم کی فکری رہنمائی کی ہے اور باوقار زندگی گزارنے کا شعار دیا ہے۔ایسے عظیم قائد کی تعلیمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔عارف حسینی وحدت و اخوت کے حقیقی داعی تھے۔انہوں نے دانش و بصیرت کے دامن کو کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔جذباتی فیصلوں کی بجائے فہم وفراست سے معاملاتِ کو سلجھانے پر انہیں غیر معمولی گرفت حاصل تھی۔وہ عالمی استعماری طاقتوں کے خلاف ایک نا دبنے والی آواز تھے۔انہوں نے عالم اسلام کے دشمنوں کے چہرے سے نقاب نوچ کر دنیا کے سامنے ان کا سیاہ چہرہ واضح کیا۔ یہود و نصاری کی رعونت کو خاک میں ملانے والے اس نڈر رہنما کی اسلام اور مسلمانوں سے والہانہ محبت دیدنی تھی۔یہی اسلام دوستی ان کی شہادت کی بنیاد بنی۔طاغوت کے آلہ کاروں نے ہم سے ہمارا عظیم قائد چھین لیا۔اس بے مثال قائد کی یاد شیعہ سنی علما،اکابرین اور کارکنان ہر سال مل کر مناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم اگست کو راولپنڈی میں شہید قائد کی برسی ایک یادگار تقریب ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲