10 مئی 2021 - 21:37
کابل کے سید الشہداء اسکول میں دھشتگردانہ حملے کی مذمت میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کا بیان

یہ دھشتگردانہ اور وحشیانہ حرکت جو ماہ رمضان میں دسیوں روزہ دار اور بے گناہ بچیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کا باعث بنی ہے، افغانستان کو غیر محفوظ بنانے کی ایک مایوس کن کوشش ہے، نیز اس تکفیری گروہ کی حماقت، درندگی اور حیوانیت کی دلیل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کابل کے سید الشہداء اسکول میں دھشتگردانہ حملے کے نتیجے میں ۸۵ افراد شہید اور ۱۴۷ زخمی ہوئے ہیں اس المناک سانحے کی مذمت میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے ایک بیان جاری کیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے بیان کا ترجمہ حسب ذیل ہے:


بسم الله الرحمن الرحیم
(مَن قَتَلَ نَفْسًا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادٍ فِي الْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيعًا)
سوره مبارکه مائده، آیه 32
ایک مرتبہ پھر افغانستان کی سلامتی کے دشمن اور تکفیری دھشتگردوں نے کابل کے دشت برچی علاقے میں واقع سید الشہداء اسکول کی بے دفاع اور مظلوم طالبات کو خون میں لت پت کر دیا ہے۔
یہ دھشتگردانہ اور وحشیانہ حرکت جو ماہ رمضان میں دسیوں روزہ دار اور بے گناہ بچیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کا باعث بنی ہے، افغانستان کو غیر محفوظ بنانے کی ایک مایوس کن کوشش ہے، نیز اس تکفیری گروہ کی حماقت، درندگی اور حیوانیت کی دلیل ہے۔
آج پہلے سے کہیں زیادہ تمام مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ خالص اسلام کی عقلی، اخلاقی اور ظلم و جور سے دور تشریح اور تفسیر پیش کریں اور اس کی تبلیغ کریں، اور تعصب اور تشدد کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، اور تمام حریت پسند انسانوں خصوصا شیعہ سنی علماء اور عمائدین سے امید کی جاتی ہے کہ اس طرح کے واقعات پر سنجیدہ موقف اختیار کریں اور ان دھشتگرد جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں جو تمام اسلامی مذہب کے ماننے والوں کو بربریت کا نشانہ بناتے ہیں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی اس عظیم انسانی جرم کی پرزور مذمت کرتی ہے اور شہداء کے لواحقین اور افغانستان کے عوام اور حکومت کو تسلیت پیش کرتے ہوئے اس سانحے کے شہداء کے لیے پروردگار عالم سے رحمت اور مغفرت اور زخمیوں کے لیے شفائے کامل و عاجل جبکہ ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتی ہے۔
یہ اسمبلی حکومت افغانستان کے معزز عہدیداروں سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ اس المناک واقعہ کی وجوہات کی چھان بین اور تحقیقات کریں تاکہ ان سانحات و واقعات کا سد باب کیا جا سکے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی
27 رمضان 1442
10,5,2021

.........

242