اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کے سینیئر رہنما حافظ سلمان بٹ کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ منصورہ، لاہور میں ادا کی گئی۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر حافظ محمد ادریس نے نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نمازجنازہ میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری، مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین، اداکار سہیل احمد، ایم پی اے ندیم بارا، ایم پی اے میاں مرغوب، ایم این اے پرویز ملک، ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق، رہنما پی ٹی آئی جمشید اقبال چیمہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
حافظ سلمان بٹ ریلوے پریم یونین کے سابق صدر اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری بھی تھے۔ سلیمان بٹ شوگر اور گردوں کے امراض میں مبتلا تھے۔ وہ ہارٹ اٹیک کے بعد لاہور کے مقامی ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حافظ سلمان بٹ ایک عوامی قائد تھے، جنہوں نے اسلامی نظام کیلئے محنت کی، انہوں نے اپنے بچوں کی اچھی تربیت کی ہے، وہ ایک نظریاتی لیڈر تھے، جس نے ساری زندگی رب کی اطاعت میں گزاری ہے، انہوں نے پاکستان کے مظلوم عوام کی تربیت کی۔
۔۔۔۔۔
/242