25 نومبر 2020 - 16:04
حکیم امت مولانا ڈاکٹر کلب صادق کا فقدان قوم کا ناقابل تلافی نقصان ہے: اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن انڈیا

موصوف کا سانحۂ ارتحال اس دورِ قحط الرجال میں دنیائے علم و ادب و اصلاح امت اور ملتِ تشیع کا ایک ایسا عظیم نقصان ہے جس کی بھر پائی ناممکن ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ آل انڈیا مسلم پرنسل لاء بورڈ کے نائب سربراہ اور اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن مولانا ڈاکٹر کلب صادق نقوی کے انتقال پر اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن انڈیا نے تعزیتی پیغام دیا ہے۔

پیغام میں مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ نے قوم کو جہالت سے دور کر کے علم کی شاہراہ پر گامزن کیا، مسلمانوں میں آپسی اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے میں کوئی لمحہ فروگذاشت نہیں کیا۔

اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن انڈیا کا تعزیتی پیغام حسب ذیل ہے:


إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ.
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
بڑے ہی افسوس کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی ہے کہ برِ صغیر کی تاریخ ساز شخصیت، مشہور عالمِ دین، مصلح قوم و ملت، حکیم امت، مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق صاحب قبلہ(نائب صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ) نے داعی اجل کو لبیک کہکر دارِ فانی کو الوداع کہا اور قوم کو روتا بلکتا چھوڑ کر اپنے معبود حقیقی سے جا ملے۔
موصوف کا سانحۂ ارتحال اس دورِ قحط الرجال میں دنیائے علم و ادب و اصلاح امت اور ملتِ تشیع کا ایک ایسا عظیم نقصان ہے جس کی بھر پائی ناممکن ہے.
آپ نے قوم و ملت کی ترقی کے لئے جو خدمتیں انجام دیں ہیں وہ قابلِ صد تحسین و ناقابلِ فراموش ہیں آپ نے قوم کو جہالت سے دور کرکے علم کی شاہراہ پر گامزن کیا، مسلمانوں میں آپسی اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے میں موصوف کی ان تھک کوششوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔
سن ۲۰۰۸ میں اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن کی جانب سے سر زمین قم المقدسہ پر منعقدہ ہونے والی اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد اتحاد اسلامی کانفرنس میں ہماری دعوت پر شریک ہوئے اور "ہندوستان میں اسلامی اتحاد اور اسکے نفاذ کی راہیں" کے عنوان سے بڑی جامع تقریر کی اور کہا کہ قوم میں اختلاف کی جڑ اور قوم کی بیماری جہالت ہے لہذا قوم میں اتحاد و اتفاق کے نفاذ اور قوم کی ترقی اور پیشرفت کے لئے ہمیں قوم کو جہالت سے دور کرکے اسے علم کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہوگا۔
موصوف نے اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن آف انڈیا کی جانب سے منعقدہ مختلف پروگراموں میں ہمیشہ شرکت کر کے اپنے حکیمانہ بیان سے رونق بخشی۔
ایسی عظیم المرتبت، باوقار شخصیت کے سانحۂ ارتحال پر ہم اراکین اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن حضرت امام عصر(عج)، رہبر معظم انقلاب، مراجعِ عظام تقلید، علمائے کرام، حوزاتِ علمیہ، قائد ملت حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد صاحب اور تمام مومنین و مومنات اور بالخصوص مرحوم کے اہل خانہ و فرزندان جناب ڈاکٹر کلب سبطین نوری، جناب کلب حسین نقوی، جناب کلب منتظر نقوی صاحبان اور مرحوم کے داماد جناب نجم الحسن رضوی نجمی صاحب کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے خداوند کریم کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ خداوند متعال مرحوم کو جوارِ رحمت عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عنایت فرمائے.
آمین یارب العالمین بحق محمد و آلہ الطاہرین.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲