26 اکتوبر 2020 - 18:05
فرانس میں دوبارہ توہین رسالت کے خلاف پاکستان سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

پاکستان کے ایوان بالا 'سینیٹ' میں فرانس میں بنائے گئے گستاخانہ خاکوں کی متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی اور کہا گیا کہ حکومتی پشت پناہی سے اس طرح کے اقدامات اشتعال کا باعث بن رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سینیٹ کے اجلاس کے آغاز پر قائد ایوان شہزاد وسیم نے قرار داد پیش کرنے کی اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ‘فرانس میں حالیہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پشت پناہی سے متعلق بیانات سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پوری مسلم دنیا میں غم و غصے کی لہر پائی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے بھی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور اعادہ کیا ہے کہ اسلاموفوبیا کے اقدامات سے نہ صرف مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ اس سے بین المذاہب جذبات کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں’۔

قرار داد میں کہا گیا کہ ‘فرانس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد (ص) کے گستاخانہ خاکے دوبارہ شائع کرنے کے غیر قانونی اور قابل مذمت اقدام کی شدید مذمت کی جاتی ہے اور اس طرح کے اقدامات حکومتی پشت پناہی سے مختلف عقائد رکھنے والے افراد میں مزید تقسیم کرتے ہیں’۔

مزید کہا گیا کہ ‘پیغمبر اسلام (ص) سے محبت کسی شک و شبہے سے بالاتر ہو کر ہمارے ایمان کا بنیادی جز ہے اور اس طرح کے اقدامات برداشت نہیں کیے جاسکتے’۔

سینیٹ کی قرارداد میں بتایا گیا کہ ‘پاکستان کے عوام اور مجموعی طور پر مسلم دنیا کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اس طرح کے اقدامات پر شدید تشویش ہے جو مسلمانوں کو ردعمل کے لیے اشتعال دلاتے ہوں اور مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر شدید تشویش ہے’۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ‘عالمی برادری اور پارلیمنٹس پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے اقدامات کو روکنے اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے فریم ورک بنایا جائے’۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲