اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے عشرہ محرم گزر جانے کے باوجود اس عشرہ کے دوران برآمد کئے گئے جلوس ہائے عزا میں شامل کئی عزاداروں کو مقید رکھنے اور دیگران کو ہراسان کرنے کی کاروائیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو اس حوالے سے مختلف مقامات سے متواتر شکایات موصول ہورہی ہیں۔ انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے حالیہ ایام میں گرفتار شدہ نوجوان عزاداروں کو مقید رکھنے اور عزاداروں کے خلاف کیس درج کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گرفتار شدہ گان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور درج معاملات کو واپس لیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ تنظیم نے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ محرم تقریبات کے انعقاد کا ارادہ کیا تھا لیکن انسانی صحت و سلامتی کے وسیع تر مفاد میں تنظیم کو ریاستی انتظامیہ کی محرم پالیسی سے تعاون کا مظاہرہ کرنا پڑا۔ پھر بھی کئی مقامات پر عزاداری کے جلوس برآمد کئے گئے۔ بجائے اس کے کہ عزاداروں کو احتیاطی تدابیر اور صابطوں پر عمل کی تاکید کی جاتی پولیس نے عزاداروں پر سفاکانہ تشدد کیا ۔ آنسوں گیس اور پیلٹ شلوں کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں درجنوں عزادار شدید زخمی ہوئے جن میں کئی عزاداروں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پولیس نے عزاداروں کے خلاف معاملات درج کررکھے ہیں اور مقید عزاداروں کو ابھی تک رہا نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ایک اشتعال انگیز ماحول پیدا ہورہا ہے۔ لہذا اس سلسلے کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان گرفتار شدہ گان کی رہائی اور درج معاملات کو ختم کرنے کیلئے حتی المقدور قانونی لڑائی لڑے گی اور عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ پرامن رہیں اور گرفتار شدہ گان کے ساتھ ساتھ جن نوجوانوں کے خلاف معاملات درج کئے گئے ہیں ان کی مکمل جانکاری فراہم کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲