اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندر گاہ پر ہونے والے دھماکے میں سینکڑوں انسانی جانوں کے ضیاع ، ہزاروں شہریوں کے زخمی ہونے اور لاکھوں انسانوں کے بے گھرہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بیروت کے خطے پرگہرے اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے۔ اگروہ حادثہ تھا تو بھی اوراگرصہیونی قوتوں کی کارستانی تھی توبھی، اعلیٰ سطحی تحقیقات وقت کا تقاضا ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم اُمہ بیروت دھماکے سے صدمے اورتشویش میں مبتلاہے۔ ہم اس سانحہ پرافسوس اوردکھ کا اظہارکرتے ہیں۔ہماری ہمدردیاں اورجذبات لبنانی عوام کے ساتھ ہیں۔زخمیوں کی جلدصحت یابی کی دعاکے ساتھ ،جاں بحق افرادکے ورثاسے ہمدردی اورتعزیت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ لبنان کی دارلحکومت بیروت کی بندرگاہ پر ہو نے والا دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کے اثرات 240 کلومیٹر دور مشرقی بحیرہ روم کے ملک قبرص میں محسوس کیے گئے جہاں لوگوں نے اِسے زلزلہ سمجھا۔اس دھماکے سے بندرگاہ اور اس کے نواح میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کاروباری اور رہائشی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں، دھماکے میں اب تک 137 افراد جاں بحق اور 5ہزار سے زائد زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ 3لاکھ سے زیادہ افرادبے گھرہوگئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲