27 جولائی 2020 - 13:56
عیدالاضحیٰ کے موقع پر حکومتی گائیڈ لائن اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کیا جائے: مولانا کلب جواد نقوی

جواد نقوی نے عیدالاضحٰی کے موقع پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر تمام مسلمان اپنی دیرینہ روایت کے مطابق امن و امان کے ساتھ حکومت کے شرائط و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری ،امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے عیدالاضحٰی کے موقع پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر تمام مسلمان اپنی دیرینہ روایت کے مطابق امن و امان کے ساتھ حکومت کے شرائط و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیں ۔مولانا نے اپنے بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا مشکل ترین دور سے گذررہی ہے۔ ہمارا ملک ہندوستان بھی اس خطرناک وائرس کی زد میں ہے اور روز بروز کورونا مریضوں کی تعداد میں حیرت کی حد تک اضافہ ہورہاہے لہذا مسلمان حکومتی گائیڈ لائن اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کریں اور ہر ممکن احتیاط کریں تاکہ خود بھی اس مہلک وبا سے محفوظ رہیں اور دوسروں کے لئے بھی خطرہ ثابت نہ ہوں۔
مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ امسال جانور نہ ملنے کی یا کسی دوسری وجہ سے قربانی ممکن نہ ہو تو حصول ثواب کی غرض سے غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں ۔یہ قربانی کا بدل تو نہیں ہوسکتا مگر اس وبائی دور میں اللہ کی خوشنودی کے حصول کا بہترین ذریعہ قرار پائے گا۔مولانانے کہاکہ قربانی کے لئے حکومت کی طرف سےجو گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے اس پر عمل کیاجائے ۔قربانی سنت مؤکدہ ہے اور جان کا تحفظ واجب ہے ۔کیونکہ بد احتیاطی کی صورت میں ہم خود بیمار نہیں ہوتے ہیں بلکہ دوسروں کی جانوں کے لئے بھی خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔مولانانے کہاکہ مسجدوں میں جاکر جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے پرہیز کیا جائے اور گھروں میں فرادیٰ نماز پڑھی جائے ۔مولانانے مزید کہاکہ جن ریاستوں میں حکومت کی طرف سے یہ اعلان کیا گیاہے کہ مسلمان ’ علامتی قربانی‘ کریں ،سراسر غلط ہےکیونکہ اسلام میں’ علامتی عبادت ‘کا تصور نہیں ہے ۔علامتی قربانی نہیں ہوسکتی ،جو طریقہ اسلام نے عباد ت کا بتلایاہے اسی کے مطابق عبادت انجام دی جاسکتی ہے ۔ اس لئےجن ریاستوں میں ایسے اعلانات کئے گئے ہیں ان پر ریاستی حکومتیں از سرنو غور کریں اورقربانی کے فریضے کی انجام دہی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں۔
نماز عیدالاضحیٰ یکم اگست کو ۱۱ بجے دن میں آن لائن منعقد ہوگی ۔مومنین فرادیٰ کی نیت سے ساتھ میں نماز ادا کرسکتے ہیں۔نماز مولانا کلب جواد نقوی پڑھائیں گےجسے مجلس علماء ہند کے فیس بک پیج اوریوٹیوب چینل پر ’حسینی چینل ‘ کے ذریعہ نشر کیاجائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲