اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح نے بانی پاکستان کے ہمراہ ایک عظیم جدوجہد کی، پوری قوم کو محترمہ کے افکار اور ان کی جدوجہد سے سبق سیکھنا چاہیے، محترمہ نے انتہائی مشکل ترین حالات میں اپنے بھائی کا ساتھ دیا ، پاکستان بننے کے بعد بھی مشکل حالات کے باوجود وہ جمہوری اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی خاطر جدوجہد کرتی رہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی53ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ محترمہ فاطمہ جناح روز اول سے بانی پاکستان کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں اور قیام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مشکل حالات کے باوجود اپنے بھائی کا ساتھ چھوڑا نہ ہی ان کے نظریات سے انحراف کیا۔ قائد کی رحلت کے بعد بھی بہت سی مشکلیں آئیں مگر وہ اپنے موقف پر ڈٹی رہیںاور اپنے آخری ایام تک ان پر کاربند رہیں۔
انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو محترمہ کے افکار اور ان کی جدوجہد سے سبق سیکھنا چاہیے۔ اسلام اور پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا ایک بڑا کردار رہاہے،پوری قوم کو بھی چاہیے کہ وہ ملک و قوم کی خدمت کےلئے ان عظیم ہستیوں سے استفادہ کریں۔ آخر میں انہوں نے کہاکہ مادر ملت کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا اور مشعل راہ سمجھا جائےگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲