اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کےمعروف عالم دین اور ذاکر اہلبیت علامہ طالب جوہری 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے وہ گزشتہ 15 روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرعلاج تھے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
علامہ طالب جوہری کے انتقال پر سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایک عظیم عالم دین سے محروم ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ علامہ طالب جوہری جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939 کو پیدا ہوئے ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔
کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور دنیا بھر میں پھیل گئی۔
342/