اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج بروز ہفتہ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس سے اب تک 85940 افراد متاثر اور 2752 افراد ہلاک جبکہ 30153 افراد مکمل طور پرصحت یاب ہو چکے ہیں۔
ادھر پاکستانی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 38 ہزار 799 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے ہلاک ہونے والے افراد کی کُل تعداد 834 ہو گئی۔
کورونا وائرس سے ملک میں 27 ہزار 85 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جبکہ 10 ہزار 880 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 291 ہلاکتیں ہوئیں۔ پھر اس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے 255 ، پنجاب میں 245 ، بلوچستان میں 31 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 921 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 7 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔