اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے منگل کے روز تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور مدارس کے عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام میں ایران کی کارکردگی کے پیش نظر بہت سارے ملکوں نے ایران کی اچھی اورعمدہ کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات نے ایرانی نظام، حکومت اورعوام سے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کو دور کر دیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مغربی ممالک کا خیال تھا کہ ایرانی عوام پابندیوں اور دباؤ کے سامنے صرف چند مہینوں کیلئے مزاحمت کر سکتے ہیں اور جب کورونا وائرس پھیل گیا تو انہوں نے سوچا کہ سخت پابندیوں اور محدود مالی وسائل کا حامل ملک ان مشکلات کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔
صدر روحانی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایران کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں وینٹی لیٹر مشینوں، این 95 ماسک اور کورونا وائرس ٹسٹ کٹس کی تیاری میں اس سطح پر پہنچ گئے ہیں کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ دوسرے ملکوں کو بھی ان طبی سامان کی برآمدات کر سکتے ہیں جو انتہائی قابل قدر ہے۔