1 مئی 2020 - 10:58
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 346 تک پہنچ گئی

پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار 759 ہوگئی ہے جب کہ اس وائرس سے 346 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15 ہزار 759 ہوگئی ہے جب کہ اس وائرس سے 346 افراد ہلاک  ہوچکے ہیں۔  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 8 ہزار 249 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ 874 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15,759 ہوگئی، پنجاب میں سب سے زیادہ 6061، سندھ میں 5695، خیبر پختونخوا میں 2313، گلگت بلتستان میں 333، بلوچستان میں 978، اسلام آباد میں 313 جب کہ آزاد کشمیر میں 66 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ان مریضوں میں سے 4052 صحتیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 19 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جس کے بعد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 346 ہوگئی۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سےسب سے زیادہ 122 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 100، پنجاب میں 103، بلوچستان 14، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

342/