اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی بیٹی اور بیٹے کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اسد قیصر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد عمران اسماعیل قرنطینہ میں چلے گئے۔ پاکستان میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اوران کے دونوں ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
فیصل ایدھی کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چونکہ فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی اس لیے خدشے کے پیشِ نظر ڈاکٹروں کے مشورے پرانہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا تاہم ان کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 16 ہزار 817 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 385 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں 11 ہزار 843 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں جن میں سے 142 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 ہزار 300 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
342/