12 جنوری 2020 - 04:42
سلطان قابوس کا انتقال ، ھیثم بن طارق عمان کے نئے سلطان

عمان کے سلطان قابوس بن سعید کے انتقال کے بعد ھیثم بن طارق آل سعید عمان کے نئے سلطان بن گئے ہیں

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عمان کے وزیرثقافت اور سلطان قابوس کے چچا زاد بھائی ھیثم بن طارق کو  جو عام طور پر سلطان قابوس کے خصوصی ایلچی کے طور پر حکومتی معاملات میں سرگرم رہتے تھے اور پہلے وزارت خارجہ میں بھی بڑے عہدے پر تھے عمان کا نیا سلطان بنایا گیا ہے - عمان کی اعلی دفاعی کونسل نے ہفتے کی صبح ایک ہنگامی اجلاس تشکیل دیا جس میں ھیثم بن طارق آل سعید نے باضابطہ طور پر بادشاہت کے عہدے کا حلف اٹھایا - عمان کے سلطان قابوس بن سعید ایک عرصے سے آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور اناسی سال کی  عمر میں انتقال کرگئے - عمان کے شاہی دربار نے سلطان قابوس کے انتقال پر ملک میں تین روز کے عام سوگ اور تعطیلات کا اعلان کیا ہے - عمان کا پرچم بھی سلطان قابوس کے انتقال کے سوگ میں چالیس روز تک کے لئے جھکا دیا گیا ہے - سلطان قابوس نے اپنے والد کے بعد عمان کی سیاسی اور اقتصادی فضا کی اصلاحات کرتے ہوئے کافی حدتک اس ملک میں کھلی فضا قائم کی تھی - سلطان قابوس تیئیس جنوری انیس سو ستر کو عمان کے سلطان بنے تھے اور اس دن کو عمان میں یوم النہضہ کے طور پر منایا جاتا ہے -



/129