اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق مراحج تقلید اور علماء و فضلائے قم نے مسجد اعظم میں اجتماع کرکے علاقے کے ممالک بالخصوص بحرین کے مظلومین پر جاری ظلم و جبر کی مذمت کی۔ یہ عظیم احتجاجی اجتماع آج قم کی مسجد اعظم میں منقعد ہوا جس میں آیات عظام لطفاللہ صافی گلپایگانی، ناصر مکارم شیرازی، سید موسی شبیری زنجانی، عبداللہ جوادی آملی اور حسین نوری ہمدانی سمیت مجتہدین و علماء کرام نیز حوزہ علمیہ قم کے طلبہ نے شرکت کی۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے حوزات علمیہ کے سربراہ آیت اللہ شیخ مرتضی مقتدائی، قم کے امام جمعہ آیت اللہ سعیدی، مجلس خبرگان کے اراکین آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری و آیت اللہ کعبی، استاد حوزہ علمیہ قم و فرزند مرجع آیت اللہ شیخ جواد فاضل لنکرانی اور گورنر قم حجت الاسلام والمسلمین موسی پور بھی شریک تھے۔ اس اجتماع میں بزرگان حوزه، اساتذه، اور عام لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔











