اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Sahar TV
پیر

6 جنوری 2020

5:06:40 AM
999685

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اگر امریکا جیسے متکبر کو اس کے دہشت گردانہ اقدام کا سخت جواب نہیں دیا جائے گا تو وہ اور زیادہ گستاخ ہوجائے گا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیردفاع امیرحاتمی نے تہران میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک سرکاری دورے پر گئے کسی ایک ملک کے فوجی کمانڈر اور اس کے میزبان کو شہید کرنے کا حکم دینا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور تاریخ میں اس طرح کے مجرمانہ اقدام کی مثال نہیں ملتی -

وزیردفاع امیرحاتمی نے کہا کہ یہ امریکا کی انتہائی بے بسی ہے کہ وہ کسی کمانڈر کو شہید کرنے کا حکم دے اور اس کی ذمہ داری بھی قبول کرے اور یوں اس نے جنگی جرائم کے اپنے سیاہ باب میں اضافہ کیا - ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ اگر اس طرح کے متکبرانہ اور مجرمانہ اقدامات کا جواب نہیں دیا جائے گا تو یہ متکبر دشمن اور زیادہ گستاخ ہوجائے گا -

انہوں نے استقامتی محاذ پر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مجاہدتوں اور داعش جیسے خونخوار دہشت گرد گروہ کا قلع قمع کرنے میں ان کے جاودانی کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش کو اتنی آسانی سے نابود نہیں کیا جاسکتا تھا کیونکہ اس کو امریکا نے بنایا لیکن استقامتی محاذ کے جیالوں اور شہید قاسم سلیمانی نے عالمی استکبار کی ان تمام سازشوں کو ناکام بنادیا - ایران کے وزیردفاع نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اقدام کے سلسلے میں پوری عالمی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس دہشت گردی کا نوٹس لے اور اپنے فریضے پر عمل کرے۔


/129