اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : Sahar TV
پیر

6 جنوری 2020

5:06:38 AM
999678

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے سردار محاذ مزاحمت کو شہید کرنے کے امریکی دہشت گردانہ اقدام کو بہت بڑی غلطی قرار دیا اور تاکید کی کہ اگر تمام ممالک امریکی جارحیتوں پر ہم آواز نہ ہوئے تو یہ علاقے کے لئے بہت ہی خطرناک ہوگا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سنیچر کی شام اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ ایران کبھی بھی علاقے میں کشیدگی شروع کرنے والا نہیں رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جارحانہ اقدامات پر علاقائی ممالک کی خاموشی، اس کو مزید جراتمند بنا دے گی ۔

انہوں نے ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار ہمدردی کرنے پر ترک صدر کی قدردانی کی اور کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے نظیر کردار ادا کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران  کے صدر نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران کے عوام امریکا کے دہشت گردانہ اقدام سے بہت غصے میں ہیں، کہا کہ امریکا نے عراق کے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دہشت گردانہ اقدام کا ارتکاب کیا ہے۔

صدر روحانی نے تاکید کی کہ اگر ایران، امریکی جرائم پر خاموش رہا تو واشنگٹن علاقے کے دوسرے ممالک میں ایسے ہی جرائم کا ارتکاب کرے گا۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں ترک صدر رجب طیب اردوغان نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، ایرانی حکومت اور عوام کو جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی مداخلت اور علاقے کی جنگیں، امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں۔

ترک صدر نے علاقے میں امن و استحکام کے قیام کی ضرورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہئے کہ اس طرح کے اقدامات علاقے کے امن و سکون کو خطرے میں ڈال دیں۔



/129