17 دسمبر 2024 - 14:02
غزہ: اپنی نواسی کی شہادت پر دنیا کو جھنجھوڑنے والا نانا بھی شہید

مذکورہ شخص نے اپنی نواسی کو گود میں اٹھانا اور اس کی آنکھوں کو چومتے اور اسے "میری روح کی روح" کہتے دیکھا گیا تھا۔ خالد نبھان کی اپنی 3 سالہ شہید نواسی ریم کے ہمراہ مذکورہ ویڈیو نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔

  اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، گذشتہ برس نواسی و نواسے کی شہادت پر غم سے نڈہال، دنیا کو جھنجھوڑنے والا ان کا نانا "خالد نبھان" بھی اسرائیلی گولہ باری میں شہید ہوگیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ برس خالد نبھان کی ایک ویڈیو اس وقت توجہ کا مرکز بنی تھی، جب اسرائیلی فضائی حملے میں اس کے اہلِ خانہ شہید اور زخمی ہونے کے بعد مذکورہ شخص کو اپنی نواسی کو گود میں اُٹھائے اس کی آنکھوں کو چومتے اور اسے "میری روح کی روح" کہتے دیکھا گیا تھا۔ خالد نبھان کی اپنی 3 سالہ شہید نواسی ریم کے ہمراہ مذکورہ ویڈیو نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح (گذشتہ روز) وسطی غزہ میں قائم نصیرات پناہ گزین کیمپ پر ہونے والی اسرائیلی بمباری میں خالد نبھان، جو "ابو دیہ" کے نام سے جانے جاتے تھے شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق خالد نبھان نے گذشتہ برس خاندان کی شہادت کے بعد اپنی زندگی فلسطینیوں کی مدد کے لیے وقف کردی تھی۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں اسرائیلی فضائی حملوں میں خالد نبھان کی 3 سالہ نواسی ریم اور 5 سالہ نواسہ طارق شہید ہوگئے تھے جبکہ ان کی بیٹی مائیسا (شہداء کی والدہ) شدید زخمی ہوئی تھیں۔