1 اکتوبر 2024 - 18:13
ہماری کاروائی بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے / صہیونیوں کی طرف سے کوئی بھی جوابی اقدام پر عظیم تر کاروائی کا آغاز کیا جائے گا، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جعلی صہیونی ریاست پر حملے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے: اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصر اللہ اور میجرجنرل نیل فروشان کی شہادت پر جوابی کاروائی کا آغاز کرکے مقبوضہ اراضی کو نشانہ بنایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصر اللہ اور میجرجنرل نیل فروشان کی شہادت پر جوابی کاروائی کا آغاز کرکے مقبوضہ اراضی کو نشانہ بنایا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر صہیونی ریاست نے ایران کی جائز کاروائی کا جواب دینے کی کوشش کی تو اسے اس سے بھی زیادہ شدید جوابی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ یہ حملہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اور وزارت دفاع کے تعاون سے انجام پا رہا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان کا متن

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ

"إِنَّا مِنَ الْمُجْرِمِینَ مُنتَقِمُونَ؛

بلاشبہ ہم مجرموں سے بدلہ لینے والے ہیں"۔

(السجدہ-22)

عظیم امت مسلمہ،

ایران کی شریف اور شہید پرور قوم

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرواسپیس فورس نے نے چند لمحے قبل، ایک عرصہ صبر و تحمل سے کام لینے کے بعد، ـ اسلامی جمہوریہ ایران کی ارضی سالمیت پر صہیونی جارحیت اور مجاہد شہید ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کے قتل، اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے دفاع کے جائز حق کی بنیاد پر، نیز لبنان اور غزہ میں امریکہ کی مدد سے صہیونی شرانگیزیوں میں اضافے اور عوام کے قتل عام اور مجاہد کبیر، قائد مقاومت اور حزب اللہ کے سربلند سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نیز عظيم کمانڈر اور لبنان میں سپاہ پاسداران کے فوجی مشیر میجر جنرل سید عباس نیل فروشان کی شہادت کا جواب دیتے ہوئے، - درجنوں بیلسٹک میزائلوں سے مقبوضہ اراضی کے قلب کو نشانہ بنایا جس کی تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔ 

واضح رہے کہ یہ کاروائی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کی منظوری سے، مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی ہدایت اور اسلامی جمہوریہ کی مسلح افواج نیز وزارت دفاع کے تعاون اور مدد سے انجام پائی ہے۔

خبردار کیا جاتا ہے کہ اگر صہیونی ریاست نے اس کاروائی پر ـ جو کہ ملکی قوانین نیز بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے، ـ فوجی رد عمل دکھانے کی کوشش کی تو اسے انتہائی تباہ کن حملوں کی نئی لہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔  

"وَمَا النَّصْرُ إِلاَّ مِنْ عِندِ اللّهِ الْعَزِيزِ الْحَكِيمِ؛

اور نہیں ہے امداد مگر اللہ کی طرف سے جو بڑا زبردست ہے، سوجھ بوجھ والا"۔

(آل عمران-126)

تعلقات عامہ، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی

۔۔۔۔۔۔۔

110