اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : فاران
ہفتہ

4 مئی 2024

8:39:57 AM
1456038

طوفان الاقصی؛

یمن کا صہیونی ریاست کے خلاف کاروائیوں کے چوتھے مرحلے کا اعلان

یمن نے، غزہ پر صہیونی جارحیت کے جواب میں، صہیونی ریاست کے خلاف کاروائیوں کے چوتھے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، یمنی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے کہا: ہم ـ اللہ کی مدد سے ـ اپنے قائد سید عبدالملک الحوثی کے فرامین پر عمل درآمد کرتے ہوئے، فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کی غرض سے، صہیونی ریاست کے خلاف اپنی کاروائیوں کے چوتھے مرحلے کا اعلان کرتے ہیں۔

یمنی ٹی وی چینل المسیرہ کے مطابق، بریگیڈیئر سریع کا یہ بیان صنعا کے عوام کے ہفتہ وار ملین مارچ کے دوران جاری ہؤا۔ مذکورہ ریلیاں “احرار غزہ سے انصار یمن کی وفاداری” کے عنوان سے منعقد ہوئیں۔

سریع نے کہا: ہم غزہ کی صورت حال اور غزہ پر جاری صہیونی ریاست کی جارحیت نیز رفح پر جارحیت کے سلسلے میں اس کے منصوبوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس حقیقت سے باخبر ہیں کہ دشمن نے مقاومت [مزاحمت] کو تجاویز دی ہیں، اور یوں صہیونی دشمن قیدیوں کا کیس مقاومت سے چھیننا چاہتا ہے اور دائمی جنگ بندی کے لئے تیار نہیں ہے۔

انھوں نے مزید کہا: ہم ـ اللہ کی مدد سے ـ اپنے قائد سید عبدالملک الحوثی کے فرامین پر عمل درآمد کرتے ہوئے، فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کی غرض سے، صہیونی ریاست کے خلاف اپنی کاروائیوں کے چوتھے مرحلے کا اعلان کرتے ہیں؛ جس کی تفصیل درج ذیل ہے:

1۔ ان تمام بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا جو “اسرائیل کی جہازرانی پر ممانعت” کی خلاف ورزی کریں گے اور بحیرہ روم میں واقع مقبوضہ فلسطینی بندرگاہوں کی طرف جانا چاہیں گے۔

2۔ اس اعلان کے ساتھ ہی، اس پر عمل درآمد شروع ہوگا۔

3۔ اگر صہیونی دشمن رفح کے خلاف کاروائی کرنا چاہے تو یمن کی مسلح افواج

ہر اس اس کمپنی کے جہازوں کی نقل و حرکت پر جامع پابندی لگائیں گی جو کسی بھی عنوان سے اسرائیل کے لئے وسائل اور اسلحہ منتقل کرنے کے عمل سے کوئی بھی تعلق رکھتی ہو یا اس کے جہاز صہیونی ریاست کی بندرگاہوں کی طرف جاتے رہے ہوں۔ اور اس بات کا خیال رکھے بغیر ـ کہ یہ جہاز کہاں سے آ رہے ہیں اور کہاں جا رہے ہیں ـ انہیں یمنی افواج کی کاروائیوں کے علاقے سے نہیں گذرنے دیا جائے گا۔

یمن کی مسلح افواج اللہ کی مدد اور یمن کی عظیم قوم اور تمام احرار عالم کی پشت پناہی میں، عظیم تر اور وسیع تر کاروائیوں کے لئے ہر دم تیار ہیں اور جب تک کہ غزہ پر صہیونی ریاست کی جارحیت بند نہیں ہوگی اور غزہ کے مظلوم عوام کا محاصرہ نہیں اٹھایا جائے گا، ہم کسی بھی کاروائی میں ہچکچاہٹ سے دوچار نہیں ہونگے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابوفروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110