اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
منگل

26 مارچ 2024

6:11:16 PM
1446989

طوفان الاقصی؛

تہران: سلامتی کونسل کی قرارداد غاصب صہیونی ریاست کی تنہائی کا ثبوت ہے۔۔۔ اسماعیل ہنیہ

اسماعیل ہنیہ نے اسلامی انقلاب کے رہبر معظم امام خامنہ ای (اَدامَ اللهُ ظِلَّہُ العالی) کا شکریہ ادا کیا اور کہا: عالمی یوم القدس کی آمد آمد ہے، اور ہمیں امید ہے کہ امت مسلمہ اس روز [یعنی جمعۃ الوداع کے دن] پرجوش انداز سے حاضر ہوجائے اور مسجد الاقصی کی آزادی کے لئے بڑا قدم اٹھائے۔

حرکۃ المقاومۃ الاسلامیہ "حماس" کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے گذشتہ دن سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد کی منظوری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد نے غاصب صہیونی ریاست کی بے مثل سیاسی تنہائی کا ثبوت دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ـ جو طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز سے، دوسری مرتبہ، تہران کے دورے پر ہیں ـ نے آج منگل [26 مارچ 2024ع‍ کو] اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ میں، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بات چیت کی اور پھر نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔

انھوں نے کہا: معرکۂ طوفان الاقصی چھٹے مہینے میں داخل ہو چکا ہے، غزہ کے عوام نے ایک افسانوی کردار دنیا والوں کے سامنے ادا کیا جو صہیونی جرائم اور نسل کشی کے مقابلے میں ہمارے عوام کی سربلندی کی علامت ہے۔

ان کا کہنا تھا: ہم اسلامی جمہوریہ ایران کی فلسطینی کاز اور ملت فلسطین کی مسلسل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ایران فلسطینی کاز اور ملت فلسطین کی پشت پناہی کی اگلی صف میں کھڑا ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا: اگرچہ غزہ کے عوام نے صہیونیوں کی جارحیت اور ظلم و جبر کا مقابلہ کرتے ہوئے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے لیکن آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ صہیونی ریاست مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے اور اپنے اعلان کردہ مقاصد میں کسی ایک کے حصول میں بھی کامیاب نہیں ہو سکی ہے؛ اور مزید برآں بین الاقوامی حمایت و اعتماد کو کھو رہی ہے۔

حماس کے راہنما نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرارداد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اگرچہ یہ قرارداد تاخیر کے ساتھ منظور ہوئی ہے اور اس میں کئی نقائص بھی ہیں، لیکن اس سے ثابت ہؤا کہ صہیونی ریاست پہلی مرتبہ سیاسی تنہائی سے دوچار ہو گئی ہے۔

انھوں نے کہا: اس قرارداد سے یہ بھی ثابت ہؤا کہ امریکہ مزید، اپنی مرضی کو بین الاقوامی برادری پر، مسلط نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد مقاومت و استقامت اور امت مسلمہ ـ بالخصوص محور مقاومت (Axis of Resistance) کی حمایت کا ثمرہ ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے اسلامی انقلاب کے رہبر معظم امام خامنہ ای (اَدامَ اللهُ ظِلَّہُ العالی) کا شکریہ ادا کیا اور کہا: عالمی یوم القدس کی آمد آمد ہے، اور ہمیں امید ہے کہ امت مسلمہ اس روز [یعنی جمعۃ الوداع کے دن] پرجوش انداز سے حاضر ہوجائے اور مسجد الاقصی کی آزادی کے لئے بڑا قدم اٹھائے۔

۔۔۔۔۔۔

110