اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ارنا
پیر

18 مارچ 2024

7:13:03 PM
1445386

طوفان الاقصی؛

ہیومن رائٹس واچ کا صہیونی ریاست کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ

ہیومن رائٹس واچ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے حکم کی تعمیل نہ کرنے پر صہیونی ریاست پر پابندیاں لگائیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، ہیومن رائٹس واچ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات اٹھانے کے لیے بین الاقوامی عدالت انصاف کے حکم کی تعمیل نہ کرنے پر صہیونی ریاست کے خلاف پابندیاں لگائیں۔

ہیومن رائٹس واچ نے سوشل نیٹ ورک X پر اپنے صفحے پر لکھا کہ ممالک کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کی [حکومت] کے خلاف ٹارگٹڈ پابندیاں عائد کریں اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے حکم کی تعمیل کے لیے اس حکومت کو ہتھیار دینے سے گریز کریں۔

انسانی حقوق کی اس تنظیم نے نشاندہی کی کہ تل ابیب نے ہیگ میں بین الاقوامی عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے اور وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو امداد اور بنیادی خدمات فراہم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کر رہا ہے۔

جنوری کے اواخر میں، بین الاقوامی عدالت انصاف نےصہیونی ریاست سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کسی بھی ایسے اقدام کو روکے جسے نسل کشی کا جرم سمجھا جاتا ہے اور غزہ میں نسل کشی کو بھڑکانے والے عوامی تبصروں یا بیانات سے پرہیز کیا جائے۔

عالمی عدالت انصاف نے صہیونی ریاست سے یہ بھی کہا کہ وہ غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرے۔

29 دسمبر کو، جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں شکایت جمع کرائی جس میں صہیونی ریاست پر غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کا ارتکاب کرنے کا الزام لگایا۔

ہیگ میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں یہ شکایت پیش کیے جانے کے بعد، اقوام متحدہ کے اس قانونی ادارے نے صہیونی ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کو روکنے اور انسانی امداد کے داخلے کے لیے اقدامات کرے۔

 صہیونی ریاست نے عالمی عدالت انصاف کے حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے غزہ کے باشندوں کے خلاف اپنے نسل کشی کے جرائم کو جاری رکھا ہوا ہے اور اس پٹی کے باشندوں تک انسانی امداد کی آمد کو روک رکھا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ صہیونی ریاست کے خلاف ہیگ کی بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا ہے اور اس کے خلاف فیصلہ سنایا گیا ہے۔

فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 کو "الاقصیٰ طوفان" آپریشن کے آغاز کے ساتھ ہی صہیونی ریاست نے اس اچانک حملے کا بدلہ لینے، اپنی شکست کی تلافی اور مزاحمتی کارروائیوں کو روکنے کے لیے، رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی اور غزہ کی پٹی میں تعلیمی اور طبی مراکز پر زمینی حملے شروع کر دیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110