اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : فاران
جمعہ

8 مارچ 2024

1:13:18 PM
1442960

طوفان الاقصی؛

امریکہ غذائی امداد کے ایک طیارے کے ہمراہ، 100 میزائل بردار طیارے بھیجتا ہے۔۔۔ حزب اللہ لبنان

حزب اللہ تحریک کی مرکزی کونسل کے رکن نے غزہ پر مسلط کردہ جنگ میں امریکہ کے منافقانہ کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، امریکہ کی نمائشی امداد پر رد عمل ظاہر کیا اور کہا: غزہ میں اسرائیل کی حالت بالکل اچھی نہیں ہے، اور ثالثوں سے گڑگڑا کر التماس کرتا ہے تاکہ صہیونیوں کو میدان جنگ سے اپنے گھروں میں لوٹا سکے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حزب اللہ کی مرکزی کونسل کے رکن نبیل قاؤوق نے غزہ میں واشنگٹن کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: غزہ میں امریکی منافقت کا 100 فیصد عروج وہاں دکھائی دیتا ہے جب وہ غزہ پر پھینکنے کے لئے ایک طیارہ بھجواتا ہے اور اس کے بدلے 100 میزائل بردار طیارے غزہ کی تباہی کے لئے روانہ کرتا ہے۔

انھوں نے کہا: غاصب صہیونی ریاست کے ساتھ بعض اسلامی اور عرب ممالک کے معاشی تعلقات "جعلی عربیت" کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے جس سے دشمن کو رغبت ملتی ہے کہ وہ جارحیت کی مدت میں توسیع کرتا رہے۔

انھوں نے کہا: مقبوضہ فلسطین کے شمال میں صہیونی ٹھکانوں پر حزب اللہ لبنان کے مسلسل حملے "دشمن کی شکست اور مقاومت کے استحکام" کو نمایاں کرتے ہیں۔

انھوں نے اسرائیلی دشمن کی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: اسرائیل کو تزویراتی گھٹن کا سامنا ہے اور ثالثوں کے پاؤں پڑ رہا ہے تاکہ اپنے نوآباد قصبوں کے مکینوں کو ان کے گھروں میں لوٹا سکے اور بحیرہ قلزم (بحیرہ احمر) میں اپنے جہازوں کو تحفظ فراہم کر سکے!

یمنی مقاومت کے قائد سید عبدالملک حوثی نے بھی جمعرات (7 مارچ 2024ع‍) کو غزہ میں "رمضان کی جنگ بندی" کے مسئلے کے زیر غور آنے کو امریکہ اور اسرائیلی کی شکست قرار دیا اور کہا: "دشمن غزہ پر قبضہ جمائے رکھنے پر بضد ہے اور جنگ بندی سے اپنے جنگی مقاصد کے حصول کا فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل سر تسلیم خم کرنے والے سازشی عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ امریکہ اور صلح و مصالحت نہیں چاہتے بلکہ اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ان ممالک کو نیست و نابود کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انصار اللہ یمن کے قائد نے مزید کہا: امریکہ نے غزہ کے عوام کے لئے غذائی مواد پھینکنے کا ڈھونگ رچایا ہے اور اس اب تک تین یا چار مرتبہ ـ صہیونی دشمن کے ساتھ ہم آہنگی کرکے ـ یہ کام کیا بھی ہے لیکن جو لوگ غذائی پیکج اٹھانے کے لئے آتے ہیں ان پر صہیونیوں نے حملے کئے ہیں، گویا امریکہ لوگوں کو ہموار زمین پر لا کر صہیونیوں کے لئے تر نوالہ بنا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے سخاوت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک لاکھوں بم، گولے، اور ہزاروں ٹن گولہ بارود غاصب صہیونیوں کے حوالے کیا ہے اور یہ سارا اسلحہ غزہ کے عوام کے خلاف استعمال ہؤا ہے۔

انھوں نے کہا: زمینی اور سمندری راستے موجود ہیں جن سے امدادی سامان غزہ تک پہنچایا جا سکتا ہے، غزہ کے عوام کی بھوک مٹائی جا سکتی ہے لیکن امریکہ رکاوٹ بنا ہؤا ہے اور ساتھ ہی فضا سے امدادی سامان پھینکنے کی اداکاری کرکے اپنے مجرمانہ کردار پر پردہ ڈالنے کے لئے کوشاں ہے۔

حزب اللہ کے راہنما نبیل قاؤوق نے آخر میں خبردار کیا: ہمیں دھمکی آمیز پیغامات اور انتباہات بھجوائے جاتے تھے جن کو مقاومت کے میزائلوں نے بے اثر کر دیا۔

انھوں نے کہا: صہیونی ریاست لبنان سے لڑنے کے تصور سے لرزہ بر اندام ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110