اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : مہر نیوز
جمعرات

22 فروری 2024

6:50:01 PM
1439706

مشرق وسطیٰ میں ایران کی پالیسی متوازن جب کہ امریکہ امن کی راہ میں رکاوٹ ہے، روس

روس کی قومی سلامتی کونسل کے وائس چیئرمین نے ایران کی متوازن پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے امریکہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امن کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے پر شدید تنقید کی اور کہا کہ صہیونی حکام کے دعوے کے برعکس تل ابیب فیصلے کرنے میں آزاد نہیں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، روسی خبررساں ادارے اسپوتنک نے رپورٹ دی ہے کہ روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں جاری صورت حال کے حوالے سے متوازن پالیسی اپنائی ہوئی ہے جب کہ امریکہ خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔

دمتری میدویدیف نے TASS نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور غزہ کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ایران نے ایک پرسکون اور متوازن موقف اپنایا ہے اور وہ مشرق وسطیٰ میں کسی بھی فوجی تنازع میں شامل نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام ایران کو کسی بھی مسلح تصادم میں حصہ لینے پر مجبور نہیں کرے گا کیونکہ تہران متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

میدویدیف نے مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا: امریکہ " لڑاؤ اور حکومت کرو" کی پالیسی اپنا کر مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو ہوا دے رہا ہے۔ لہذا یہ ملک مشرق وسطیٰ میں جاری بحران اور تمام مسائل کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اسرائیل اور فلسطین کی دو ریاستوں کے قیام سے متعلق اقوام متحدہ کی 1947 کی قرارداد پر عمل درآمد سے کون روک رہا ہے؟ اگر واشنگٹن امن چاہے تو مشرق وسطیٰ میں ان قراردادوں کو نافذ کیا جا سکے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی حکام فیصلے کرنے میں خود مختار نہیں ہیں۔ بلکہ ان کا انحصار امریکہ کی مالی اور فوجی امداد پر ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110