اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : پاکستانی ذرائع
پیر

19 فروری 2024

7:14:29 PM
1439068

امریکی حکومت کی اسرائیل کو مزید اسلحہ بھیجنے کی تیاری

امریکی حکومت اسرائیل کو بم اور دیگر ہتھیار بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے جس سے اس کے اسلحے کے ذخیرے میں اضافہ ہو گا جبکہ دوسری جانب سے بظاہر، امریکہ غزہ میں جنگ بندی پر زور بھی دے رہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، روئٹرز کے مطابق امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی خبر میں کہا ہے کہ اسرائیل کو متوقع طور پر بھیجے جانے والے اسلحے میں ایم کے 82 بم، کے ایم یو 572 جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک مانیٹرز، جو بموں کو ہدف تک پہنچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں، اور ایف ایم یو 139 فیوزز شامل ہیں جس کی قیمت کروڑوں ڈالر میں ہے۔

اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسلحے کی مجوزہ فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا۔

رپورٹ میں ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کانگریس کی کمیٹی کے رہنماؤں کو اس بارے میں آگاہ کیے جانے سے قبل اس تجویز میں تبدیلی کی جا سکتی ہے جس کی منتقلی کے لیے اجازت کی ضرورت ہو گی۔

امریکی کے محکمہ خارجہ اور محکمہ دفاع، اسرائیلی دفاعی فورسز اور اسرائیلی وزارت دفاع نے برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز کے رابطہ کرنے پر فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

دسمبر 2023 تک بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی کے حوالے سے کانگریس کا ریویو دو مرتبہ رد کیا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی کے حوالے سے تنقید کا سامنا کر چکی ہے جیسے کہ یہ الزامات ابھرتے رہے ہیں کہ امریکی ساختہ اسلحہ ان حملوں میں استعمال ہوتا رہا ہے جن کے نتیجے میں اب تک ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ کے قریب زخمی ہوئے ہیں اور غزہ کا 70 فیصد حصہ تباہ ہو چکا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110