اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : مہر نیوز
بدھ

14 فروری 2024

3:34:13 PM
1437757

اسلامی جمہوریہ ایران، عراق میں امن و استحکام چاہتا ہے۔۔۔ چیف جسٹس

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین اژہ ای نے بدھ کے روز بغداد میں عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ تہران عراق کے استحکام، سلامتی اور ترقی کی حمایت کرتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ 

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین اژہ ای نے بدھ کے روز بغداد میں عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ تہران عراق کے استحکام، سلامتی اور ترقی کی حمایت کرتا ہے۔

ملاقات کے دووران ایرانی اور عراقی حکام نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اژہ ای نے غزہ کے خلاف اسرائیلی حکومت کی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ غزہ کے شہریوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے تل ابیب کے خلاف سیاسی دباؤ بڑھائیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ پوری مسلم دنیا کو صیہونی جنگی مشین کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے تہران اور بغداد کے درمیان سازگار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط اور فروغ دینا چاہتا ہے اور فریقین کے درمیان تعلقات کی سطح کو بڑھانے کے لیے کسی بھی اقدام کا خیر مقدم کرے گا۔

انہوں نے ایران اور عراق کے درمیان ہونے والے سیکورٹی معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے دشمنوں کی طرف سے دونوں ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کا جامع انداز میں مقابلہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عراق ایران کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور ہم عراق کے اندر سے ایران کی سلامتی کے خلاف کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے ایران اور عراق اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر فلسطین کی حمایت کرنے والے دیگر ممالک کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

۔۔۔۔۔

110