اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : فاران
پیر

29 جنوری 2024

7:26:04 PM
1433547

طوفان الاقصی؛

انتخابات میں کامیابی یا صہیونی ریاست کی حمایت، جو مہنگی پڑ رہی ہے۔۔۔ بائیڈن اچنبھے میں

عراق کی اسلامی مقاومت نے القائم اور جرف الصخر کے علاقوں میں امریکیوں کے جرائم کے جواب میں، اردن - شام سرحد پر امریکی اڈے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سینٹکام کے کم از کم 3 دہشت گرد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ
بائیڈن کو واقعی مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔ اگر غزہ میں صہیونی دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنے کا اپنا عہد نبھانے پر اصرار کریں، اور صہیونیوں کی اندھادھند حمایت جاری رکھیں تو ایک طرف سے امریکی فوجیوں کی جانیں، امریکی فوجی سازوسامان اور بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہازوں پر خطرے کی تلوار لٹکے رہے گی اور دوسری طرف سے انہیں اپنی انتخابی مہم پر پڑنے والی ضربوں کو برداشت کرنا پڑے گا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کا خطرہ مول لینا پڑے گا، اور اگر وہ اسرائیل کی حمایت بند کریں، تو غاصب ریاست ڈھیر ہو جائے گی اور مستقبل میں علاقے پر امریکی بالادستی کو خیرباد کہنا پڑے گا۔

عراق اور شام سے امریکی فوجیوں کا انخلاء بھی خطے میں مقاومت کے حملوں سے بچنے کے سلسلے میں ناگزیر نظر آ رہا ہے، یہ بھی ایک مسئلہ ہے۔ رہنا بھی انتخابات میں ناکامی کا باعث اور انخلاء بھی ناکامی کا سبب!

با‏ئیڈن کی بدقسمتی یہ ہے کہ اگر وہ غزہ پر جنگ بند کرا دیتے ہیں، پھر بھی انہیں اپنی انتخابی مہم کو تقدیر کے سپرد کرنا پڑے گا؛ کیونکہ انھوں نے غزہ کے 30000 بے گناہ شہریوں کے قتل عام اور فلسطین کی نسل کشی میں براہ راست کردار ادا کیا ہے اور امریکی عوام ـ بالخصوص نوجوان نسل ـ ان سے ناراض ہیں، اور صہیونیت کی درندگی کی غیر مشروط حمایت ان کے لئے تمغہ نہیں بلکہ ان کے ماتھے پر کلنگ کا ٹیکہ بنی ہوئی ہے۔

تو کیا ایسا نہیں ہے کہ بائیڈن اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے پاس علاقے سے انخلاء اور ڈوبتے ہوئے صہیونیوں کی حمایت ترک کرنے نیز عالمی بالادستی کے لاحاصل خواب دیکھنے سے پرہیز کا اٹل فیصلہ کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔

اور ہاں! یہ سب کچھ کرنے کے باوجود بھی صدارتی انتخابات میں بائیڈن کی ناکامی حیرت کا سبب نہیں ہوگی، چنانچہ جو کچھ امریکہ کو کرنا چاہئے، انہیں کر گذرنا پڑے گا اور انتخابات کے حوالے سے ہم انہیں یہی تجویز دے سکتے ہیں کہ تقدیر کا فیصلہ ماننے کے لئے تیار رہنا چاہئے، کیونکہ موجودہ حالات میں کوئی بھی قدم ان کی کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکتا۔

۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: ابو فروہ