اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
ہفتہ

13 جنوری 2024

4:57:36 AM
1428859

طوفان الاقصی؛

امریکی ـ برطانوی جارحیت کا جواب نہ دینا، ناممکن ہے۔۔۔ ترجمان انصار اللہ یمن

انصار اللہ یمن کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا: امریکہ اور برطانیہ کا مشترکہ حملہ ایک جارحانہ اقدام تھا اور بہت جلد اس جارحیت کا جواب دیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، انصار اللہ یمن کے ترجمان اور یمن کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد عبدالسلام نے الجزیرہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یمن غزہ کے خلاف غاصب صہیونیوں کی جارحیت کے خاتمے تک اسرائیلی بحری جہازوں پر حملے جاری رکھے گا۔

انھوں نے کہا: یمن کی مسلح افواج نے امریکی - برطانوی جارحیت کا ابتدائی جواب دے دیا ہے اور عنقریب زیادہ وسیع پیمانے پر جواب دیں گی، یہ ممکن نہیں ہے کہ ہم اس جارحیت کا جواب نہ دیں۔

عبدالسلام نے زور دے کر کہا: یمن کے خلاف کوئی عالمی اتحاد تشکیل نہیں پا سکا ہے اور جمعہ کی صبح کو ہونے والا حملہ امریکہ اور برطانیہ کا مشترکہ اقدام تھا اور جن ممالک کے نام امریکی کاغذی اتحاد میں مندرج ہیں، انہوں نے صنعاء کی حکومت سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ اس حملے میں ان کا کوئی کردار نہيں تھا۔

انھوں نے کہا: یقینا ہمارے اقدامات اب تک مؤثر رہے ہیں اور اسی وجہ سے امریکہ حملے پر مجبور ہؤا ہے، اس حملے میں کچھ افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا: جس نے بحیرہ قلزم کے امن کو تباہ کیا ہے اسی کو اس کے نتائج کی ذمہ داری قبول کرنا پڑے گی۔

جمعہ کی صبح کو امریکہ اور برطانیہ نے اسرائیلی جہازوں پر یمن کے حملوں کے جواب میں اس ملک پر میزائل حملہ کیا اور یمنیوں نے بھی جارح ممالک کے جہآزوں پر میزائل حملے کئے۔ اور صنعاء کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے کہا: امریکہ اور برطانیہ نے حملہ کرکے اپنے آپ کو بحیرہ قلزم اور باب المندب میں نقل و حرکت سے محروم کر دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110