اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
جمعہ

12 جنوری 2024

3:19:04 PM
1428715

طوفان الاقصی؛

ہم یمن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔۔۔ امریکی - برطانوی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں ۔۔۔ مقاومتی تحریکوں کا رد عمل

حزب اللہ لبنان، فلسطینی تحریکوں حماس، جہاد اسلامی اور عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین، یمنی مجاہدین، عراقی تحریکوں کتائب سید الشہداء، اور عصائب اہل الحق، بحرین کی حرکۃ الوفاق اور تیونس کی سیاسی جماعت التیار الشعبی نے اپنے بیانات میں یمن پر یمن پر امریکی - برطانوی کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا: ہم یمن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اہل بیت(‏ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور برطانیہ نے جمعہ (12 جنوری 2024ع‍] کی صبح کو یمن میں بعض ٹھکانوں پر حملہ کیا جس پر مقاومتی تحریکوں وسیع پیمانے پر رد عمل ظاہر کیا۔

امریکہ اور برطانیہ نے، بحیرہ قلزم میں اسرائیلی جہازوں پر یمن کے حملوں کے جواب میں! جنگی طیاروں اور بجری جہازوں سے، یمن کے 12 ٹھکانوں پر حملے کیے، امریکیوں نے دعوی کیا کہ انہوں نے یمن کے اہم فوجی اڈوں پر حملہ کیا ہے۔

یمنی افواج نے بمباریوں کے موقع پر ہی اعلان کیا کہ وہ بحیرہ قلزم میں دشمن کے جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

 امریکہ تمام تر جرائم میں برابر کا شریک ہے ۔۔۔ حزب اللہ

حزب اللہ نے یمن پر امریکی ـ برطانوی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا: یہ جارحیت صرف یمنیوں کے عزم اور طاقت میں اضآفے کا سبب بنا ہے۔

حزب اللہ نے مزید کہا: ہم یمن پر امریکی ـ برطانوی جارجیت کی مذمت کرتے ہیں، اور یمن پوری شجاعت اور ذمہ داری کے ساتھ فلسطینی عوام اور بہادر مقاومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس حملے سے ثابت ہؤا کہ امریکہ خطے ميں فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے تمام جرائم میں برابر کا شرکت ہے۔

حزب اللہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے: ہم یمن اور اس کی قومی فوج، بہادر عوام اور ان کے قابل تعظیم قیادت کو سلام کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 یمن کے خلاف امریکہ اور برطانیہ کا حملہ دہشت گردانہ اقدام ہے۔۔۔ حماس

حرکۃ المقاومۃ الاسلامی (حماس) نے یمن پر امریکی ـ برطانوی جارحیت کو دہشت گردانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ جارحیت خطے کے مشتعل ہونے کا سبب بنے گی اور خطہ مزید بحرانوں سے دوچار ہوگا۔ امریکہ اور برطانیہ نے صہیونی ریاست کی تلقین پر اس جارحیت کا ارتکاب کیا اور واشنگٹن اور لندن کو ہی اس جارحیت کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا: ہم معرکۂ طوفان الاقصیٰ میں فلسطینی عوام کے ساتھ جم کر کھڑے رہنے پر محترم ملک یمن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس کے قدرداں ہیں؛ بلا شبہ یہ خطہ فلسطین اور سرزمین عرب میں صہیونی قبضے اور غصب کے خاتمے کے بغیر امن و استحکام کا منہ نہیں دیکھ سکے گا۔ 

عربی اور اسلامی امت کو اقدام کرنا چاہئے۔۔۔ اسلامی جہاد تحریک

فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک نے اپنے بیان میں، آج صبح کو، یمن پر امریکہ اور برطانیہ کی جارحیت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی استعمار کی اس جارحیت کا مقصد، فلسطین میں اس کے فوجی گماشتے [غاصب ریاست] کو فوجی تحفظ فراہم کرنا تھا۔

اسلامی جہاد نے عربی اور اسلامی امت سے مطالبہ کیا کہ اس جارحیت کی ہمہ جہت مذمت کرے۔

اسلامی جہاد تحریک نے اپنے بیان میں کہا ہے: ہم یمن کی شرافتمندانہ اور شجاعانہ موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور عرب ریاستوں کے ذلیلانہ اور معذرت خواہانہ موقف کی مذمت کرتے ہیں اور زور دے کر کہتے ہیں کہ ہم یمنی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اسلامی جہاد نے اپنے بیان میں وعدہ دیا ہے کہ اسلامی مقاومت اور مسلم اقوام ہی ہیں جو بالآخر فاتح و کامیاب ہونگی۔ 

یمنی مجاہدین کا پیغام سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کے نام

یمن کے کچھ علاقوں پر امریکہ اور برطانیہ کے میزائل حملوں کے بعد، یمن کے مغربی ساحل میں تعینات یمنی مجاہدین نے انقلاب یمن کے قائد سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کے نام اپنے پیغام میں کہا: ہم اپنی زندگی کے آخری لمحے تک انقلاب یمن کے مفاہیم اور اہداف و مقاصد کے پابند ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے: "سیدی القائد! ایسے حال میں کہ، ہم معرکۂ فتح موعود، اور جہادِ مقدس میں مصروف ہیں، ہم اللہ کے ساتھ اور آپ کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں کہ آپ کے ہاتھوں میں اللہ کی تلوار کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔۔ ہم آپ سے عہد کرتے ہیں اور آپ کے قدموں میں جنگ و استقامت کرتے رہیں گے اور آپ سے عہد کرتے ہیں کہ ہمارے تمام تر اعمال عظمت و سربلندی کی گواہی دیتے رہیں گے۔

امریکہ خونریزی کی لت میں مبتلا ہے۔۔۔ کتائب سید الشہداء ـ عراق

عراقی مقاومتی تحریک "کتائب سید الشہداء" نے یمن کے خلاف امریکی ـ برطانوی جارحیت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست اور امریکہ مغربی ایشیا میں بد امنی کے دو بنیادی عناصر ہیں اور جب تک کہ ان کی جڑوں کو سُکھایا نہیں جائے گا یہ خطہ امن و سکون کا منہ نہیں دیکھ سکے گا اور جب تک کہ سرطان کے یہ پھوڑے امت مسلمہ کے پیکر میں باقی ہونگے، ممالک کے خلاف جارحیت اور بے گناہوں کا قتل عام جاری رہے گا اور صرف ان پھوڑوں کی بیخ کنی نجات کا واحد راستہ ہے۔

کتائب سیدالشہداء نے اپنے بیان میں کہا: یمن کے دوش بدوش جم کر کھڑے رہیں گے، کیونکہ کریم و شریف یمن ماضی کی طرح ظالموں اور جارحوں کے خلاف اپنی استقامت جاری رکھے گا۔ 

پوری طرح یمنی عوام کے ساتھ ہیں ۔۔۔ عصائب اہل الحق ـ عراق

عراق کی مقاومتی تحریک عصائب اہل الحق کے سیکریٹری جنرل شیخ قیس الخزعلی نے یمن پر امریکی ـ برطانوی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا: یمن پر آج کا امریکی ـ برطانوی حملہ یمنی عوام کے عزم اور ارادے کی تقویت کا باعث ہوگا اور ان کے حملے "بیہودہ کوششوں" سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا: عصائب اہل الحق تحریک یمنی عوام کے ساتھ اپنی پوری یکجہتی کا اعلان کرتی ہے اور ہم عالمی برادری اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس جارحیت کی پرزور الفاظ میں مذمت اور قومی سالمیت، خود مختاری اور آزادی کے تحفظ کے سلسلے میں یمنی عوام کے حق کی حمایت کریں۔

آزاد جہازانی کا تحفظ ایک بہانہ ہے۔۔۔ التیار الشعبی ـ تیونس

تیونس کی سیاسی جماعت التیار الشعبی نے نے یمن پر امریکی ـ برطانوی میزائل حملے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل، خطے میں استعماری قوتوں کے مفادات کی حفاظت کا اصلی اڈہ ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے: یمن پر، بحیرہ قلزم میں آزاد جہاز رانی کی خاطر حملہ، صرف ایک بہانہ ہے حقیقت یہ ہے کہ اس جارحیت کا اصل مقصد صہیونی ریاست کے سلامتی کا تحفظ ہے۔

یمن پر جارحیت میں امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ آل خلیفہ کی ملی بھگت کی مذمت کرتے ہیں۔۔۔ الوفاق تحریک ـ بحرین

بحرینی تحریک "حرکۃ الوفاق" کے نائب سیکریٹری جنرل نے یمن پر جارحیت میں جارح امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ بحرین پر مسلط آل خلیفہ کی ذلیلانہ ملی بھگت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بحرینی تحریک "حرکۃ الوفاق" کے نائب سیکریٹری جنرل حسین الدیہی نے یمن پر مغربی استعماری ممالک کی جارحیت میں بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی ذلیلانہ معاونت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر دشمن کے حملے میں حکومت بحرین کی شرکت سے ظاہر ہؤا ہے کہ آل خلیفہ خاندان خطے کی اقوام کے ساتھ دشمنی پر اترا ہؤا ہے اور یہ عربی اور اسلامی دنیا میں اس حکومت کی تنہائی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا: یمن پر امریکی ـ برطانوی جارحیت خطے میں صہیونی ریاست کے اسلام دشمن منصوبے کا تسلسل ہے۔

تاریخ یمنیوں کے موقف کو سونے کے پانی سے لکھے گی۔۔۔ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین

فلسطینی تحریک "عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین" نے یمن پر امریکہ اور برطانیہ کی جارحیت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن پر آج صبح کی جارحیت صرف یمن پر جارحیت نہیں تھی بلکہ یہ فلسطین، تمام عرب اقوام اور احرار عالم پر حملہ تھا۔

اس بیان میں کہا گیا ہے: یمن نے جارحیت کا فوری جواب دیتے ہوئے امریکی اور برطانوی جہازوں میزائل حملے کئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کی تشہیری مشینریوں کا یہ دعوی بالکل جھوٹا اور بے بنیاد ہے کہ انہیں اس حملے میں کوئی بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، یا یہ حملہ یمن کی فوجی صلاحیت کم ہونے کا موجب ہؤا ہے۔

اس فلسطینی جماعت نے اپنے تفصیلی بیان میں مزید کہا ہے: تاریخ یمنیوں کے شرافتمندانہ موقف کو سونے کے پانے سے لکھ دے گی۔۔۔ یمن پر امریکی ـ برطانوی جارحیت نہ صرف آزاد جہازرانی کی خاطر نہیں تھی بلکہ یہ درحقیقت غاصب ریاست کی تلقین پر، اس ریاست کی سلامتی کے تحفظ کی خاطر انجام پائی ہے۔

اس بیان میں بحرین کی خلیفی حکومت کے کردار کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس جارحیت میں یمن پر حملہ کرنے والے استعماری ممالک کے ساتھ آل خلیفہ کی ملی بھگت ایک غدارانہ اقدام تھا اور بحرینی حکومت نے امت عربی پر ضرب لگائی ہے، یقینا آل خلیفہ حکومت ایک دن اس غداری کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ 

۔۔۔۔۔۔۔

110