اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
بدھ

2 اگست 2023

4:19:41 PM
1384472

پوپ فرانسس کو آیت اللہ سیستانی کا جواب / ادیان کے احترام نیز تشدد اور منافرت کی ترویج مسترد کرنے پر پر تاکید

آیت اللہ العظمیٰ سیستانی نے کیتھولک عیسائیوں کے پاپائے اعظم سے مخاطب ہوکر تحریر کیا: مختلف معاشروں میں عدل و انصاف اور امن و سکون کا حصول، یقیناً نفرت اور تشدد کے واقعات کو کم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ العظمیٰ سیستانی نے دنیا کے کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے نام اپنے خط میں ادیان و مذاہب کے احترام اور ان کے حقوق کی رعایت کا مطالبہ کیا۔

شیعیان اہل بیت(ع) کے مرجع عالی قدر نے اس خط میں لکھا: میں آپ کا خط موصول ہونے پر خوش ہؤا جو آپ نے اپنے تاریخی دورہ عراق ـ اور نجف اشرف میں میرے ساتھ ملاقات اور بات چیت ـ کی دوسری سالگرہ کے موقع پر ارسال کیا تھا۔ وہ اہم ملاقات، اسلامی اور عیسائی مذاہب کے بہت سے پیروکاروں ـ نیز دوسروں کے لئے ـ ان لوگوں کے ساتھ رواداری اور مناسب بقائے باہمی کے اظہار کا محرک تھی، جو مذہب اور عقیدے کے لحاظ سے ان سے مختلف ہیں۔

آیت اللہ العظمیٰ سیستانی نے لکھا: آپ نے اپنے خط میں بعض مسائل کی طرف اشارہ کیا جن پر ہم نے، اس اہم ملاقات میں، زور دیا تھا؛ جن میں پرامن بقائے باہمی کی ثقافت کو فروغ دینے، اور تشدد اور منافرت کے خلاف جدوجہد کرنے اور پیار و محبت کی اقدار کو فروغ دینے کی غرض سے کی جانے والی کوششوں کو ہم آہنگ اور مربوط کرنے کی اہمیت اور ادیان نیز فکری رجحانات کے پیروکاروں کے درمیان دوطرفہ اور چند طرفہ حقوق اور احترام کی رعایت جیسے موضوعات شامل تھے۔

انھوں نے بیان کیا: میں بھی آپ کے اس حوالے سے آپ سے اتفاق کرتا ہوں کہ دنیا کے مختلف گوشوں میں مظلوم انسانوں کے دفاع کے لئے زیادہ سے زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ فکری اور مذہبی جبر اور بنیادی آزادیوں کو دبانے اور سماجی انصاف کے فقدان کے نتیجے میں دنیا کے مشرق اور مغرب کے بہت سے خطوں میں بہت سے لوگوں، نسلی اور سماجی گروہوں کو جن المیوں سے گذرنا پڑا ہے، وہ ان جیسی انتہاپسندانہ حرکتوں [قرآن سوزی وغیرہ جیسے واقعات] کے معرض وجود میں آنے میں مؤثر ہیں۔ ایسی حرکتیں جو مختلف افکار و عقائد کے پیروکاروں ـ بالخصوص غیر ہم فکر لوگوں ـ پر حملہ کرنے سے باز نہیں آتیں۔

انھوں نے مزید لکھا ہے: میں اس بات کو اہم سمجھتا ہوں کہ سب ان مظالم کے خاتمے پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کریں، اور مختلف معاشروں میں انصاف اور امن کے حصول کے لئے وہ سب کچھ کر دیں جو وہ کر سکتے ہیں، اور یہ عمل یقیناً ـ عمومی طور پر ـ نفرت اور تشدد کے مظاہر کم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ ضروری سمجھتا ہوں اس حقیقت کی طرف اشارہ کروں کہ خدائے متعال اور اس کے پیغامات پر ایمان اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی پابندی، اس زمانے میں بنی نوع انسان کو درپیش چیلنجوں پر غلبہ پانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

آیت اللہ العظمیٰ سیستانی نے پوپ کے خط کے جواب میں خاندان کے ڈھانچے کے تحفظ، انسان کی روحانی جہتوں کی تقویت اور تقویٰ کی رعایت و پابندی ـ جو انسان کے مقام کو تقویت اور ارتقاء بخشتی ہے ـ کی ضرورت پر زور دیا اور اللہ تعالیٰ سے انسانیت کے لئے خیر و صلاح، اور رحمت واسعہ کی التجا اور پوپ فرانسس کے لئے صحت و سلامتی کی دعا کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110