اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا خصوصی
منگل

4 جولائی 2023

6:47:28 AM
1377017

خانۂ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی میں؛

اہل بیت(ع) اتحاد بین المسلمین کا سبب ہیں / زیارت غدیریہ میں امیرالمؤمنین(ع) کی 150 خصوصیات ۔۔۔ آیت اللہ رمضانی

سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی نے کہا: رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) نے حدیث ثقلین میں قرآن کی پاسداری، قرآن پر عمل اور اہل بیت(ع) کی پیروی کی ہدایت کی ہے، جو آپ کی اہم ترین ہدایت ہے۔

عالمی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، عشرہ ولایت اور عیداللہ الاکبر کی تقریب کے موقع پر، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، کراچی میں، جشن غدیر کی تقریب منعقد ہوئی اور آیت رمضانی نے اس تقریب سے خطاب کیا۔

آیت اللہ رمضانی نے تبلیغ کے سلسلے میں دینی مبلغین اور علماء کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: حضرت آیت اللہ بہجت (رحمت اللہ علیہ) فرمایا کرتے تھے کہ آپ دینی مبلغین لوگ کوشش کریں کہ لوگوں سے خدا کا تعارف کروانے کی کوشش کریں۔ نیٹشے نے عصر حاضر میں خدا کو لوگوں کے ذہنوں سے مٹانے کی کوشش کی، لیکن اگر انسانوں کی زندگی میں خدا نہ ہو، تو انسانوں کی زندگی بے معنی ہو کر رہ جائے گی۔

سیکریٹر جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی نے مبلغین سے مخاطب ہو کر کہا: خدائے بزرگ و برتر نے اپنی امانت ـ یعنی دین اسلام ـ کو آپ کے سپرد کر دیا ہے، تاکہ دین کو صحیح طریقے سے سیکھ لیں اور دوسروں کو سکھا دیں۔

انھوں نے عشرہ ولایت کے مبارک ایام اور حدیث ثقلین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) نے حدیث ثقلین میں قرآن کی پاسداری، قرآن پر عمل اور اہل بیت(ع) کی پیروی کی ہدایت کی ہے، جو آپ کی اہم ترین ہدایت ہے۔ حضرت امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) نے بھی اسی اہمیت و ضرورت کی روشنی میں، اپنے وصیت نامے میں حدیث ثقلین پر روشنی ڈالی ہے۔

انھوں نے عوام کی ہدایت کی اہمیت کی طرف اشارہ کیا اور کہا: خداوند کریم نے نظام تکوین میں ہدایت کی ذمہ داری حود سنبھالی اور نظام تشریع کے لئے انبياء کو مبعوث فرمایا تاکہ وہ لوگوں کو راستہ اور منزل مقصود دکھائیں اور خدا کی کتابیں بھی اسی مقصد سے نازل ہوئی ہیں۔ نیز عقل انسان کو راہ انبیاء اور دین کی طرف راہنمائی فراہم کرتی ہے تاکہ وہ راہ سعادت کو تلاش کر سکے۔ دوسری طرف سے ہم خودساختہ عقل (Self-founded intellect) کو نہیں مانتے، کیونکہ ہماری عقل وحیانی ہے، چنانچہ امیرالمؤمنین (علیہ السلام) نے فرمایا: "اگر جہل ہو تو سب کچھ الٹ پلٹ جاتا ہے"۔

آیت اللہ رمضانی نے اہل بیت(ع) کی مظلومیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: کون سی چیز سبب بنی کہ رسول اللہ(ص) کے وصال کے 30 سال بعد قرآن صامت اور 50 سال بعد قرآن ناطق کے سر کو نیزوں پر اٹھایا گیا؟ ان مسائل کا سبب یہ تھا کہ مسلمانوں نے پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ) کے ارشادات کو نظر انداز کیا۔ امام حسین(ع) نے جام شہادت نوش کیا تاکہ معاشرہ حیرت اور گمراہی سے محفوظ رہے، جیسا کہ امیرالمؤمنین امام علی (ع) بھی ان لوگوں سے شکوہ کرتے ہیں جو جہل میں زندگی بسر کرتے ہیں۔

حوزہ علمیہ کے اعلی سطحی دروس کے استاد نے مزید کہا: جہل بنی نوع انسان کی سب سے بڑی بیماری ہے؛ ہم نے اہل بیت(ع) سے توسل نہیں کیا؛ ہم نے قرآن میں غور و تدبر نہیں کیا ہے؛ قرآن نور اور روشنی ہے اور ہمیں قرائت و تلاوت کے ساتھ ساتھ اس آسمانی کتاب میں تفکر اور تدبر کرنا چاہئے۔ قرآن ہمیں ہدایت کرتا ہے کہ اس کی آیات میں تفکر و تعقل کریں اور اگلے مرحلے میں اپنے آپ کو آیات کریمہ کی کسوٹی پر برکھ لیں۔ ایام عزائے سیدالشہدا(ع) اور محرم و عاشورا کی آمد آمد ہے چنانچہ اسی تسلسل میں ان ایام کو فرد کی اصلاح اور معاشرے میں اس کے فعال ہونے کا سبب بننا چاہئے۔

انھوں نے قرآن کی قدر اور منزلت کے بارے میں کہا: قرآن حقیقت تک پہنچنے کے لئے ہے، دنیا اور آخرت میں ہماری نجات کا ذریعہ ہے، قرآن کی زبان عقل و فطرت کی زبان ہے، قرآن شافع روز جزا ہے اور اپنے حافظوں کے لئے دعا کرتا ہے چنانچہ ہمیں اس سے زیادہ واقف و آگاہ ہونا چاہئے۔ اہل بیت(ع) ہی قرآن کے حقیقی مُخَاطَبين (Addressees) ہیں، لازم ہے کہ ہم ان کی مدد سے قرآن کو سمجھ لیں؛ چنانچہ قرآن کو رسول خدا اور اہل بیت (علیہم السلام) کی زبان سے سمجھنا چاہئے اور خدائے متعال کا ارشاد ہے: "ما آتاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَ ما نَهاكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوا؛ جو رسول عطا کریں تمہیں، اسے لے لو اور جس سے باز رکھیں، اس سے باز آؤ اور اللہ سے ڈرو یقیناً اللہ سخت سزا والا ہے"؛ یعنی قرآن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ رسول اللہ(ص) کے کلام پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔

سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی، نے مزید کہا: اہل بیت(ع) اتحاد کا سبب ہیں اور حق و حقیقت آئمہ(ع) اور اہل بیت(ع) کی تعلیمات سے عبارت ہے، اسی بنا پر ہمارا عقیدہ ہے کہ علی(ع) حق کے ساتھ ہیں اور حق علی(ع) کے ساتھ ہے، علی(ع) جہاں بھی ہیں حق بھی وہیں ہے۔ امیرالمؤمنین(ع) کی خصوصیات اور فضائل کو بھی اہل بیت(ع) کی زبان سے سننا چاہئے۔ جس طرح کہ امام علی النقی الہادی (علیہ السلام) نے زیارت غدیریہ میں امیرالمؤمنین(ع) کی 150 خصوصیات بیان کی ہیں۔

انھوں نے مبلغین کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مبلغین کو سبب سے پہلے اپنی تربیت (خودسازی) کا اہتمام کرنا چاہئے تاکہ وہ دین کے مبلغین بن سکیں، دین کے امور کو صحیح طریقے سے سیکھ سکيں اور صحیح طریقے سے سکھا سکیں۔

آیت اللہ رمضانی نے سویڈن میں قرآن سوزی کے المناک واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: سوال یہ ہے کہ سویڈن کی حکومت نے قرآن سوزی کے لئے لائسنس کیوں جاری کیا ہے، جو اسلام اور الٰہی ادیان کے چار ارب پیروکاروں کی دل آزاری کا باعث بنا ہے؟ وجہ صرف یہ ہے کہ قرآن اسلامی معاشروں میں اپنا مقام پا لیا ہے۔

انھوں نے دنیا کے مسلمانوں اور اسلامی ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ سویڈش حکومت کے اس توہین آمیز اقدام کے مقابلے میں موقف اپنائیں۔

واضح رہے کہ حجت الاسلام مرسلی، کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل جناب نوریان، خانۂ فرہنگ کے سربراہ ڈاکٹر طالبی نیا، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام شبیر حسین میثمی اور تقریبا 200 علماء، مبلغین اور ذاکرین عشرہ ولایت اور عیداللہ الاکبر کی اس تقریب میں شریک تھے۔

تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن کریم کے بعد، ایک مداح اہل بیت(ع) نے عید غدیر کی مناسبت سے، امیرالمؤمنین(ع) کے فضائل کے حوالے سے مدح سرائی کی، اور حجت الاسلام میثمی نے اپنے مختصر خطاب میں دورہ پاکستان پر سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت(ع) اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جناب طالب نیا نے بھی آیت اللہ رمضانی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا اور خانۂ فرہنگ کی کاوشوں کا تعارف کرایا۔

۔۔۔۔۔۔۔

110