اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی

ماخذ : ابنا
جمعہ

7 اکتوبر 2022

3:28:11 PM
1311258

پابندیوں کا تہران ماسکو تعاون پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ایرانی نائب صدر

ایران کے سینیئر نائـب صدر اور روس کے وزیراعظم نے اپنی ملاقات میں تہران ماسکو تعاون کی رفتار تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے روس اور ایران کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر نائـب صدر محمد مخبر نے اپنے دورہ روس میں ایران و روس کے اعلی وفود کی مشترکہ نشست میں جو کیسپیئن سی کے اقتصادی فورم کے دوسرے اجلاس کے موقع پر منعقد ہوئی، کہا کہ ایران اور روس کے خوشگوار تعلقات مسلسل مزید فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک میں تمام شعبوں میں تعلقات و تعاون کی توسیع کے بارے میں سنجیدہ عزم پایا جاتا ہے۔

انھوں نے بعض روسی کمپنیوں کے اعلی عہدیداروں اور ایرانی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں آئل فیلڈ میں روسی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور اسی طرح زرعی، بینکنگ کے امور، مالی، ٹرانزٹ اور نقل و حمل کے شعبوں میں تعاون کے بارے میں گفتگو ہوئی اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک طے پانے والے سمجھوتوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں وقت کی منصوبہ بندی کریں گے۔

ایران کے سینیئر نائـب صدر محمد مخبر نے نقل و حمل، ٹرانزٹ، توانائی اور شمال جنوب کوریڈور کو فعال کئے جانے کو ایران اور روس کے درمیان تعاون کے اہم مواقع سے تعبیر کیا اور کہا کہ مشترکہ بینک کا قیام، گرمسار- اینچہ برون ریلوے لائن کو الیکٹرک لائن بنانا اور تیل و گیس کے سمجھوتوں پر عمل درآمد میں تیزی لانا نیز مشترکہ آزاد علاقے کا قیام دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے ایسے مواقع ہیں کہ جن پر عملی اقدامات انجام دینے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر روس کے وزیراعظم نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات اور اچھی ہمسائیگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو تہران کے ساتھ تعاون کی تقویت، اور تعاون کو تمام شعبوں میں عملی بنائے جانے کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ میخائیل میشوستین نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی تقویت و توسیع کو ایران و روس کے خلاف غیر قانونی پابندیوں کا بہترین جواب قرار دیا اور کہا کہ روس میں ایرانی کمپنیوں کی سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور روس میں ماسکو کے شریک فریقوں کے مشترکہ تعاون اور سرگرمیوں کی راہ ہموار ہے۔

ایران کے سینیئر نائـب صدر محمد مخبر نے اسی طرح روسی ریاستوں کے سربراہوں سے ملاقات میں بھی کہا کہ فریقین، اپنے تجارتی لین دین میں غیر ملکی کرنسی کا استعمال کرنے کے بجائے اپنی قومی کرنسی کا استعمال کر سکتے ہیں۔

 ایران کے سینیئر نائـب صدر نے جمعرات کی شام کیسپیئن سی کے اقتصادی فورم کے دوسرے اجلاس کے موقع پر روسی ریاستوں کے سربراہوں اور گورنروں کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں ان علاقوں میں پائی جانے والی توانائیوں اور گنجائشوں اور تعاون کی سطح کوفروغ دیئے جانے کو مفید و تعمیری قرار دیا اور کہا کہ روسی علاقوں کے سربراہوں کی رپورٹ سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ روس اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کی توسیع کا عمل بآسانی مزید فروغ پاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے ماسکو میں کیسپین سی کے دوسرے اقتصادی اجلاس سے اپنے خطاب میں کیسپئن سی کو ساحلی ملکوں کی مشترکہ میراث قرار دیتے ہوئے اس کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ اجلاس ایران کے نائـب صدر اور چار ساحلی ملکوں قزاقستان، ترکمنستان، آذربائیجان اور روس کے وزرائے اعظم کی شرکت سے ماسکو میں تشکیل پایا۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲