اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان میں آیت اللہ العظمیٰ یعقوبی کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ہادی حسین نجفی نے یوم علی علیہ السلام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالم اسلام کے باہمی تنازعات کا واحد حل فکر علوی میں مضمر ہے جسے اپنا کر منتشر مسلمان جسد واحد کی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں۔ اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لیے جرات حیدر کرار کو شعار بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا امیر المومنین علیہ السلام نے اپنے ظاہری دور خلافت میں نظام عدل کا جو نمونہ پیش کیا وہ ہر دور کے حکمرانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اس انصاف کی معمولی سی رمق بھی ہمارے ہاں باقی رہتی تو دنیا کی دوسری قوموں کے مقابلے میں ہم اس قدر رسوا نہ ہوتے۔فاتح خیبر، ناصر دین محمدی نے بعثت رسول کریم صلی للہ علیہ وآلہ وسلَّم سے ضربت مسجد کوفہ تک زندگی کا ہر لمحہ اسلام کی سربلندی میں بسر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی الطالبؑ کائنات کی ایک ایسی عظیم الشان ہستی ہیں جن کی سیرت پاک میں انسان اور انسانیت کی بقا اور آزادی کا راز مضمر ہے ۔حضرت علی علیہ السلام کی شان اور فضیلتوں کا احاطہ کرنا ناممکن ہے بلکہ قرآن و علم پر مکمل دسترس رکھنے والے ہی کسی حد تک ان کی معرفت حاصل کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات فقط کسی خاص مسلک،ملت یا مذہب سے وابستہ نہیں بلکہ آپ کائنات کے ذرہ ذرہ کا سرمایہ ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242