پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے طاقت اور دباؤ کی پالیسی ایران کو کسی بھی مسلط کردہ شرائط کو قبول کرنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔

11 جون 2026 - 23:50
مآخذ: ابنا

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے طاقت اور دباؤ کی پالیسی ایران کو کسی بھی مسلط کردہ شرائط کو قبول کرنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ کا طاقت کے استعمال پر مبنی جارحانہ اور عجلت پسندانہ رویہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ واشنگٹن مسئلے کے پائیدار اور پرامن حل کے بجائے دباؤ، کشیدگی اور سیاسی طاقت کے مظاہرے کو ترجیح دے رہا ہے۔

امیری مقدم کے مطابق اگر یہ تصور کیا جا رہا ہے کہ ایران کو زور زبردستی یا دھمکیوں کے ذریعے اپنی شرائط منوائی جا سکتی ہیں تو یہ سوچ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ کشیدگی کے ادوار کے بعد امریکہ کو اپنے مقاصد کے حصول میں محدود کامیابی حاصل ہوئی۔

ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال ان پالیسیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے خطے میں عدم استحکام کو بڑھایا ہے، اور اب ان کے اثرات خود ان پالیسی سازوں کے سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی طرزِ عمل جاری رہا تو سفارتی کوششوں کی ناکامی سے صرف ایسے عناصر فائدہ اٹھائیں گے جو خطے میں کشیدگی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، جبکہ امریکہ کی بین الاقوامی ساکھ مزید متاثر ہوگی۔

امیری مقدم نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، باہمی احترام اور سفارتی ذرائع ہی مؤثر راستہ ہیں، نہ کہ طاقت یا دھمکیوں کا استعمال۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha