24 اپریل 2019 - 13:55
سعودی عرب میں اقلیتوں کی نسل کشی پر دنیا خاموش کیوں ہے: مولانا کلب جواد نقوی

’’سعودی عرب میں ظالم حکومت کے ذریعہ جس طرح اقلیتوں کی نسل کشی کی جارہی ہے وہ قابل مذمت ہے ۔سعودی عرب کی اس جارحیت کے خلاف عالمی برداری کو سنجیدگی سے غورکرنا چاہئے اور اس کے عالمی بائیکاٹ کا اعلان ہونا چاہئے‘‘

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ مولانا سید کلب جوادنقوی نے آج اپنے ایک بیان میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانانے شیعہ فرقے کی نسل کشی اور علماء پر جاری تشدد و جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ’ سعودی عرب میں اقلیتوں کو بنیادی حقوق بھی حاصل نہیں ہیں ۔ہمیشہ ان کی آواز کو دبانے اور انہیں کچلنے کا کام کیا گیاہے ۔گزشتہ روز ۳۷ شیعوں کا قتل ہواہے جس میں ایک معروف عالم دین شیخ محمد العطیہ بن عبد الغنی بھی شامل ہیں ‘‘۔ مولانا کلب جواد نقوی نے سعودی عرب کی سفاکیت اور دہشت گردی کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ’اس سے پہلے بھی سعودی عرب میں شیعوں کا قتل عام کیا جاتا رہاہے ۔آیت اللہ شیخ باقرالنمرؒ کو ظالمانہ طریقے سے شہید کیا گیا تھا جس کے خلاف آج تک کوئی کاروائی نہیں ہوسکی ہے یہ قابل افسوس ہے ۔دنیا دہشت گردی کو ختم کرنا چاہتی ہے مگر سعودی عرب مسلسل دنیا کی آنکھوں کے سامنے دہشت گردی کو فروغ دے رہاہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ‘‘۔ مولانانے کہاکہ ’ قطیف شیعوں کا مرکز رہاہے لیکن مسلسل نسل کشی کے بعد اب قطیف بربادی کے دہانے پر ہے ۔آخر حقوق انسانی کی دہائی دینے والی تنظیمیں سعودی عرب میں اقلیتوں کے قتل عام پر خاموش کیوں ہیں؟‘‘۔
    مجلس علماء ہندکے تمام صوبائی دفاتر اور اراکین نے سعودی عرب کے اس سفاکانہ اقدام کی سخت مذمت کی اور اقوام متحدہ نیز حقوق انسانی کی تنظیموں سے اس دہشت گردانہ عمل کی جانچ اور کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲