11 اپریل 2019 - 19:21
ایران: سوڈان میں فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں

اسلامی جمہوریہ ایران نے افریقی ملک سوڈان میں حالیہ سیاسی صورتحال سے متعلق تمام فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر تاکید کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ تمام سوڈانی فریق آپس کے اختلافات کو پُرامن بات چیت کے ذریعے حل کرتے ہوئے حالیہ صورتحال پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہے اور سوڈان کی حالیہ سیاسی صورتحال بھی اس ملک کا اندرونی معاملہ ہے ۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے مسلم ممالک میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے اور امید کی جاتی ہے کہ سوڈان میں تمام فریقین کے درمیان پُرامن مذاکرات کے ذریعے وہاں امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوڈانی فوج نے ملک میں جاری مظاہروں کے بعد 30 سال سے اقتدار میں رہنے والے صدر عمر البشیر کو برطرف کرکے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ وزیر دفاع نے ملک میں 2 سال کے لئے فوجی حکمرانی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 3 ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169