اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد کے علاقے شاہراہ قائدین پر دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے شیعہ علماء کونسل سندھ کے اعزازی نائب صدر محمد علی شاہ کو شہید کر دیا، شہید کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ملازم تھے۔

پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے اور انہوں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے باعث محمد علی شاہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جائے وقوعہ سے پولیس کو تیس بور پستول کا ایک خول ملا ہے، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا شہر کا امن خراب کرنے کیلئے ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ ہے۔

تھانہ پی ای سی ایچ ایس کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو فائرنگ کرتے دیکھا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے شہید محمد علی شاہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ واقعہ کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
.......
/169