15 جنوری 2019 - 15:04
 تحریک لبیک پاکستان کا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان

مرکزی قائم مقام امیر علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے اجلاس کے دوران اراکینِ شوری کو بتایا کہ امیر تحریک لبیک پاکستان استاذ العلماء شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی کی رہائی کیلئے لیگل پروسس جاری ہے، اگر حکومت نے لیگل پروسیس میں رخنے ڈالنے کی کوشش کی تو پھر دیگر آپشن استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مرکزی قائم مقام امیر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے اعلان کیا کہ ٹی ایل پی 5 فروری کو "یومِ یکجہتی کشمیر" روایتی جوش و جذبے کیساتھ منائے گی، اس کیلئے اراکینِ شوری کی مشاورت سے حکمت عملی تیار کر لی گئی یے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نامعلوم مقام پر اراکینِ شوری کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں کیا۔ علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے مزید کہا کہ آج کے مشاورتی اجلاس میں طے ہوا کہ تحریک کے تمام ذمہ داران متحرک ہو جائیں اور اپنے ماتحت ذمہ داروں اور کارکنوں سے ملاقاتوں اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ شروع کریں۔ ماتحت ذمہ داروں اور کارکنوں سے ملاقاتوں اور حوصلہ افزائی کیلئے ڈویژن، ضلعی، شہری سمیت تمام سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور نوتشکیل شدہ کمیٹیوں کے اراکین ماتحت کارکنان اور ذمہ داران سے جاکر ملاقاتیں کریں۔

مرکزی قائم مقام امیر علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے اجلاس کے دوران اراکینِ شوری کو بتایا کہ امیر تحریک لبیک پاکستان استاذ العلماء شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی کی رہائی کیلئے لیگل پروسس جاری ہے، اگر حکومت نے لیگل پروسیس میں رخنے ڈالنے کی کوشش کی تو پھر دیگر آپشن استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے علامہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر قائدین کیساتھ بے ہیمانہ سلوک اور بدترین ظلم و ستم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قائدین پر ظلم و ستم اور بدترین تشدد بند کیا جائے اور اسیر قائدین کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے، ٹی ایل پی قائدین پر ظلم و تشدد بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اجلاس کے دوران باہمی مشاورت سے "یومِ یکجہتیِ کشمیر" منانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی تحریک لبیک پاکستان کے زیرِاہتمام ملک بھر میں 200 سے زائد چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ریلیاں نکال کر مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیا گیا تھا۔ اجلاس کے دوران مرکزی قائم مقام امیر علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے کہا کہ مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہارِیکجہتی کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔ اجلاس میں مولانا مفتی یوسف سلطانی شہید علیہ الرحمہ کے چہلم کے لئے بھی مشاورت کی گئی جس کا اعلان بہت جلد کیا جاۓ گا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام اسیرانِ ناموسِ رسالت (ص) کی رہائی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169