25 ستمبر 2018 - 15:31
اہواز ایران میں تکفیری دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت: آغا حسن

آغا حسن نے اہواز ایران میں تکفیری دہشتگردانہ حملے کی شدیدی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس حملے میں جان بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے اہتمام سے 13 ویں محرم الحرام کو بھی وادی کے اطراف و اکناف سے علم شریف اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کئے گئے جن میں عزاداروں نے جوق در جوق شرکت کرکے امام عالیمقام حضرت امام حسین ؑ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جن مقامات پر انجمن شرعی کے اہتمام سے جلوس ہائے عزا برآمد کئے گئے ان میں مولہ شولہ بیروہ، کاکنمرن، آکرویل بڈگام، باغپورہ اوڑینہ، گنڈ نوگام، پیر محلہ زالپورہ، سونہ برن اندرکوٹ سوناواری بانڈی پورہ، کانلو پٹن ، زاڈی محلہ دیورہ بارہمولہ وغیرہ شامل ہیں۔ اوڑینہ سوناواری میں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے فلسفہ شہادت وامامت کے کئی گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یزید کا کردار و عمل نہ صرف اسلام اور شریعت اسلامی کے منافی تھا بلکہ انسانیت کے بنیادی اصول و اخلاق سے کوئی مطابقت نہیں رکھتا تھا لہذا امام حسین ؑ ایسے فاسق و فاجر کو بطور حکمران تسلیم نہیں کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول ؐحضرت امام حسینؑ کو میدان کربلا میں بھوکا پیاسارکھ کر جس بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیاوہ ظلم و بربریت کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے۔ امام حسین ؑ نے جس پامردی اور صبر سے کربلا کے میدان میں مصائب ومشکلات کو برداشت کیا وہ حریت، جرأت ، صبر واستقلال کی ایک لازوال مثال ہے۔امام حسینؑ کا باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا عالم انسانیت کیلئے ایک درس ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ اہلبیتؑ کی ایثار و قربانی تاریخ اسلام کا ایک ایسا درخشندہ باب ہے کہ جو رہروان منزل، شوق ومحبت اور حریت پسندوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے اہواز ایران میں تکفیری دہشتگردانہ حملے کی شدیدی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس حملے میں جان بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آغا حسن نے کہا کہ اہواز میں دہشتگردانہ حملہ صہیونی اور امریکی منصوبہ بندیوں کا نتیجہ ہے ۔ ایسے بزدلانہ حملوں سے ایران کے استکبار دشمن حوصلوں کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲