اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ بانی انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیرآیۃ اللہ سید یوسف الموسوی الصفوی کی برسی کی مناسبت سے حسب سابق امسال بھی انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے بڈگام کے مضافاتی علاقہ مولہ شولہ میں ایک عظیم الشان مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں انجمن سے وابستہ چند معروف ومشہور مرثیہ خوان حضرات نے ذکر مصائب کے ذریعہ سامین کے قلوب کو منور کیا ، اس مجلس سے صدرانجمن شرعی شیعیان اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے خطاب کیا ، موصوف نے اپنے خطاب کے دوران آیۃٰ اللہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی کو زبردست خراج ِعقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی نمایاں علمی ، مذہبی اور سیاسی خدمات کو تاریخ کشمیر کا زرین باب قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ بانی انجمن نے اپنی انتھک کاوشوں کے ذریعہ معاشرہ میں اسلامی اقدار کو نشاۃ ثانیہ عطا کی اور دینِ حق کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے قیام اور بقامیں بھرپور کردار ادا کیا ، مرحوم تقریر وتحریر دونوں میدانوں کے شہسوار تھے، آپ کی تصانیف آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ، صدرانجمن شرعی شیعیان کشمیر وسنیئر حریت رہنما آغا سید حسن موسوی بڈگامی نے جوان نسل پر زور دیا کہ وہ مرحوم کے افکاروخیالات کا بغور مطالعہ کریں اور انہیں اپنامشعل راہ قرار دیں ، موصوف نے اپنے خطاب میں عالم اسلام کی موجودہ مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے ان مشکلات کو قرآن وسنت سے دوری کا شاخسانہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا اگر دنیا کے تمام مسلمان قرآن اور سنت کی تعلیمات کو اپنا شعار بنا لیں تو اسلام دشمن قوتیں ان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ مسلمان ، قرآن و سنت کی تعلیمات کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے اغیار کے ہاتھوں کا کھلونا بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مسلمانوں کے اتحاد اور بھائی چارہ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲