4 جولائی 2018 - 11:38
یمنی فوج کے زیر زمین راکٹ لانچروں کی رونمائی

یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے بیلسٹک میزائل کے لئے زیر زمین لانچروں کی تیاری اور رونمائی کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں اور فرانسیسی ارکان پارلیمنٹ نے میکرون انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کے خلاف جارحیت کرنے والے عرب اتحاد کو اسلحے کی فروخت فوری طور پر بند کر دے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ زیرزمین لانچروں سے فائر کیے جانے والے میزائل دشمن کی رسد سے محفوظ ہیں اورانہیں تباہ نہیں کیا جا سکتا۔

بیان میں سعودی اتحاد کے اس دعوے کو مضحکہ خیز اور دشمن کی بوکھلاہٹ کا ثبوت قرار دیا گیا ہے کہ یمنی فوج کے میزائل لانچروں کو تباہ کر دیا گیا۔
یمنی فوج نے منگل کے روز بھی جنوبی سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط پر کم فاصلے تک مار کر نے والے بدر ایک میزائل سے حملہ کیا تھا جس کے بارے میں قوی امکان ہے یہ میزائل بھی یمنی فوج کے زیرزمین میزائل لانچروں سے داغا گیا ہے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو زمینی، فضائی اور سمندری جارحیت کا نشانہ بنانے کے لئے مشرق وسطی کے اس غریب اسلامی ملک کی مکمل ناکہ بندی بھی کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعا ہیں کہ حکومت فرانس نے سن دو ہزار اٹھارہ کے پہلے چھے ماہ کے دوران مشرق وسطی کے بعض عرب ملکوں کو تین ارب ڈالر سے زائد کے ہتھیار فروخت کیے ہیں۔
پیرس میں سرکاری طور پرجاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق صدر اما نوئل میکرون کی حکومت نے ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کی شدید مخالفت کے باوجود سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ملکوں کو تین ارب بیانوے کروڑ ڈالر کے ہتھیار فروخت کیے ہیں۔
اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹیوٹ کے مطابق امریکہ اور روس کے بعد فرانس دنیا میں اسلحہ فروخت کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔
حکومت فرانس کی جاری کردہ اس رپورٹ کے منظر عام آنے کے بعد، انسانی حقوق کی تنظیموں اور فرانسیسی ارکان پارلیمنٹ نے میکرون انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کے خلاف جارحیت کرنے والے عرب اتحاد کو اسلحے کی فروخت فوری طور پر بند کر دے۔

.......

/169