اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی فورسز کے 691 اہلکاروں نے طالبان میں شمولیت اختیار کرکے کابل حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے۔
طالبان نے حکومت کے ساتھ غداری کرنے والے اہلکاروں کی ایک طویل فہرست جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہلکار کسی بھی صورت دوبارہ افغان فورسز میں شامل نہیں ہونگے۔
واضح رہے کہ کابل حکام نے ابھی تک طالبان کے دعوے پر کسی قسم کے رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ افغان طالبان نے کچھ عرصہ قبل تمام افغانوں سے اپیل کرتےہوئے کہا تھا کہ غیرملکی افواج کے خلاف جنگ میں طالبان کا ساتھ دیں۔
افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حکومت کے ساتھ بغاوت اور غداری کابل حکام کے لئے نہایت سنگین مسئلہ ہے، گزشتہ سال ایک ہزار سے زائد سیکیورٹی فورسز کے اہلکار طالبان سے جاملے تھے جن میں سے اکثر کا تعلق صوبہ ہلمند اور ارزگان سے تھا۔
افغانستان میں کابل حکام اور غیر ملکی افواج پر عوام کے اعتماد میں آئے روز کمی آرہی ہے جس کی خاص وجہ ملک میں جاری بم دھماکے اور کرپشن بتایا جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲