اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سپاہ پاسدران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیر جنرل حسین سلامی نے ہفتے کے روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ پاک ایران سرحدوں پر مشترکہ خطرات سے نمٹنا دونوں ملکوں کے لیے ضروری ہے۔بریگیڈیر جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ پاک ایران تعلقات کی تاریخ روشن ہے اور دونوں برادر ملکوں نے مشکل حالات میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور پاکستان کے پاس غیرمعمولی صلاحتیں ہیں جن سے ہم دفاع اور عسکری شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔جنرل سلامی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان اسٹریٹجک لحاظ سے ایک دوسرے کے لئے اہم ہیں اور ایرانی عوام حکام اور بالخصوص رہبر انقلاب اسلامی پاکستانی عوام سے خاص قلبی لگاؤ رکھتے ہیں۔اس ملاقات میں پاکستانی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے اپنے دورہ ایران نیز ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے کمانڈروں سے ملاقاتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سرحدوں پر مشترکہ خطرات کا سامنا ہے لہذا باہمی مفادات کے تحفظ کے لئے ایرانی اور پاکستانی افواج کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲