15 مارچ 2018 - 16:12
قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے: علامہ ناصر عباس جعفری

ملک دشمن قوتیں قومی سلامتی کی بدترین دشمن ہیں اور اسے نقصان پہچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں: علامہ راجہ ناصر جعفری

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رائیونڈ اجتماع گاہ کے باہر خودکش حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں قومی سلامتی کی بدترین دشمن ہیں اور اسے نقصان پہچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں کا کردار لائق تحسین ہے۔اس طرح مذموم ہتھکنڈوں سے قوم کے حوصلوں کو پسپا نہیں کیا جا سکتا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کے مطلوبہ نتائج تک پہنچنے کے لیے ضروری ہے کہ ان عناصر کا تعاقب کیا جائے جو ارض پاک کی دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت ہمارا کھلا دشمن ہے۔ہمیں اس کی چانکیائی سیاست سے مزید چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔پاکستان کی سلامتی و استحکام ہمارے دشمن کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے یہی وجہ ہے کہ امریکہ ،اسرائیل اور بھارت سمیت متعدد عالمی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم رکھنے کے لیے بد امنی پھیلا نا چاہتے ہیں۔ایسے ناپاک عزائم کی ناکامی سیاسی قوتوں اور آئینی اداروں کی مشترکہ جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ان کمین گاہوں کا تدارک انتہائی ضروری ہے جنہیں دہشت گرد اپنے لیے محفوظ پناہ گاہ سمجھتے ہیں۔دہشت گردی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ وہ سہولت کار ہیں جو ایسے عناصر کی فکری و مالی معاونت کرتے ہیں۔ملک میں حقیقی امن کے قیام کے لیے ان سب کے خلاف گھیرا تنگ کرنا ہو گا۔انہوں نے سانحہ رائیونڈ کے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲