اہل بیت(ع) یوز ایجنسی۔ابنا۔ مشرقی یورپ اور بالقان علاقے کے ملک بلغاریہ کے صدر مملکت نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے حساس اور کشیدہ خطے میں قیام امن و سلامتی کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کی حمایت اور اس کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں.
یہ بات صدر رومین رادیف نے بدھ کے روز بلغاریہ کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خطے میں ایران کا کردار اہم ہے اور ہم امن و سلامتی کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں.
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ بلغاریہ، ایران جوہری معاہدے کی حمایت کرتا ہے، اور ہم سمجھتے ہیں یہ معاہدہ سفارتکاری میں ایک سنگ میل ہے جس تک پہنچنے کے لئے یورپ نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے پر امریکی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ایران کی شفاف کارکردگی پر عالمی ایٹمی ایجنسی نے اب تک 10 رپورٹس شائع کی ہیں جس میں عالمی ادارے نے ایران کے کردار کی توثیق کی ہے.
خطے میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار کا ذکر کرتے ہوئے ظریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ہے جبکہ بعض ممالک خطے میں دہشتگرد عناصر کی حمایت کررہے ہیں.
اس ملاقات میں بلغاریائی صدر اور ایرانی وزیر خارجہ نے مختلف علاقائی مسائل بالخصوص شام اور یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲