30 دسمبر 2017 - 15:11
فلسطین میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری، درجنوں فلسطینی زخمی

مقبوضہ بیت المقدس سمیت ملک بھر میں فلسطینیوں نے ہڑتال کررکھی ہے جب کہ ہزاروں افراد احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے ہیں جنہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی صدر کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے خلاف پورے فلسطین میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ صہیونی فوج نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے درجنوں فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے۔

روسیاالیوم کے مطابق، مقبوضہ بیت المقدس سمیت ملک بھر میں فلسطینیوں نے ہڑتال کررکھی ہے جب کہ ہزاروں افراد احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے ہیں جنہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور براہ راست گولیاں برسائیں  جس کے نتیجے میں درجنوں نہتے فلسطینی مسلمان شدید زخمی ہوگئے۔

 واضح رہے کہ امریکی صدر کے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اقدام پر فلسطینیوں کا سخت ردعمل آنے پر اسرائیلی حکومت نے غربِ اردن اور غزہ کے اطراف میں سینکڑوں اہلکار تعینات کردیے ہیں۔

غربِ اردن اور غزہ کی پٹی میں مظاہرین اور صیہونی فوج کے درمیان زبردست جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر فلسطین کے طبی اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے متعدد شہری شدید زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے بعض  کی حالت تشویشناک ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدره کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی فائرنگ سے 43 شہری شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

اشرف القدرہ کا کہنا ہے کہ آنسو گیس کی شیلنگ سے کم از کم 100 نفر زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی مسلمانوں نے امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں بھی بڑے مظاہرے کئے، بیت لحم کے شمالی حصے میں سینکڑوں فلسطینی مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲