اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے صوبہ کرمانشاہ میں زلزلہ کی وجہ سے سینکڑوں افراد کے جانبحق اور زخمی ہونے پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے ایک تعزیتی پیغام جاری کر کے مرحومین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔
اس پیغام میں آیا ہے کہ اس دردناک حادثہ نے سینکڑوں ہم وطنوں کی قیمتی جانیں لے لیں اور ہزاروں کو زخمی اور بے گھر کر دیا ہے جس کی وجہ سے ایران کے عوام رنجیدہ خاطر ہو گئے ہیں۔
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’سرپل ذہاب‘‘ علاقے کے لوگ آٹھ سالہ دفاع مقدس میں پائیداری اور استقامت کے نمونہ رہے ہیں دشمن کی یلغار کے مقابلے میں اپنے پورے وجود سے انہوں نے اسلامی نظام حکومت کا دفاع کیا اور اپنے ایمان کی طاقت سے دشمنوں کے وحشیانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا ۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کرمانشاہ کے لوگوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ شجاع عوام اس امتحان الہی میں بھی صبر و استقامت کا مظاہرہ کریں گے نیز سرزمین ایران کے سخاوتمند عوام ان مصیبت زدہ افراد کی دل کھول کر مدد کر کے اس مشکل وقت میں ان کا سہارا بنیں گے۔
واضح رہے کہ ایران کے صوبہ کرمانشاہ میں دو روز قبل آئے زلزلہ میں تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ۴۷۴ افراد جانبحق اور ۹۳۸۸ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲